Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ساس کی فرمائش پر فیصلے آرہے ہیں، سوموٹو ’ساسو‘ موٹو بن گیا، مریم نواز

9 مئی کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے، فوجی تنصیبات پر منصوبہ بندی سے حملہ کیا، چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن
اپ ڈیٹ 20 مئ 2023 10:15pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے مقدمات فوجی عدالتوں میں لے جانے کی حمایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ سول عدالتیں پی ٹی آئی کی آلہ کار بنی ہوئی ہیں۔

لاہور میں ن لیگ کے علماء و مشائخ ونگ پنجاب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ
ملک اس وقت ایک ایسے فتنے کی لپیٹ میں ہے، جسے ملک کو تباہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا۔ پاکستان کیخلاف سازش کرنے والے فتنے کا نام عمران خان ہے، مذہب کو سیاست میں استعمال کرنا جرم ہے، عمران خان مذہبی اور دیگر باتیں کرکے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ علماء کی مدد کے بغیر اس کا خاتمہ ممکن نہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کو دشمن ممالک سے فنڈنگ اور سہولت کاری ملی۔ سارا ملک آج اس فتنے کی لپیٹ میں ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو چند سال میں جو نقصان پہنچایا وہ 75 سال میں دشمن نہیں پہنچا سکا۔ نوازشریف کو جب نقصان نہیں پہنچا سکے تو پھر مذہب کا سہارا لیا گیا، 25 مئی کو پوری دنیا نے دیکھا مذہبی ٹچ دینے کا کہا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی کو شہدا کی یاد گاریں جلائی گئیں، شیلڈز پر پاؤں رکھے گئے۔ شہدا نے فوج کیلئے نہیں قوم کیلئے قربانیاں دیں۔ بانی پاکستان کا گھر بھی جلادیا گیا۔ عمران خان کو ثبوت چاہئیں تو آئینے میں اپنا چہرہ دیکھ لیں، 9 مئی کا ماسٹرمائنڈ عمران خان خود ہے، ٹانگ پر پلاستر باندھ کر پلاننگ کی کہ کہاں کہاں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنا ہے باقاعدہ لسٹ بنائی گئی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نو مئی واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف ثبوت فراہم کرنے کے مطالبے پر مریم نواز نے کہا کہ آج کہتے ہیں مجھے ثبوت دو ، حسان نیازی کی تصویر اسے دکھا دو جو ڈنڈے پر یونیفارم لٹکا کر دکھا رہا تھا۔ مزید ثبوت چاہئیں تو یاسمین راشد کی آڈیو سنو اور ویڈیو دیکھ لو تمام ثبوت مل جائیں گے۔ فواد چوہدری کو دیکھیں کیسے بھاگ کر عدالت میں پناہ لی، انھیں دوڑتا دیکھ کر لگا کہ وہ سو میٹر کی ریس جیت سکتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں جب عمران خان سے چوری کا حساب مانگا گیا تو پورے ملک کو آگ لگا دی گئی۔ نواز شریف اور دوسروں پر اس نے جو چوری کے الزامات لگائے ایک ثبوت بھی یہ نہیں دے سکا۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنکی پیرنی کو سفید چادروں کے حصار میں عدالت لے جایا گیا، جب یہ عیش اور طیش میں تھے ان کو خوف خدا نہیں تھا، ان کا 15 سال کا پلان تھا، ان کا خیال تھا ان کو کوئی پکڑ نہیں سکتا۔ آج جو کچھ ان کے ساتھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے، غلامی سے آزادی کی جب باری آئی تو چہرے پر کالی بالٹی چڑھا لی۔

عدلیہ پر تنقید

چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن ) کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف جس کیس میں کارروائی شروع ہوتی ہے حکم امتناع آجاتا ہے، عدالتوں کا مذاق بن کر رہ گیا ہے، یہاں تو ساس کی فرمائش پر فیصلے آرہے ہیں، سوموٹو ”ساسو“موٹو بن گیا۔ عمران خان پر ضمانتوں کی برسات جیسی آج ہورہی ہے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا، ریمانڈ میں کسی کی ضمانت پر رہائی نہیں دیکھی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ آپ ہی ان بینچز پر بیٹھے تھے جہاں نواز شریف کو سزا دی گئی لیکن نواز شریف کو تو آپ نے ویلکم نہیں کہا۔ جو جج دہشت گردی کے فتنے کی سہولت کاری کرے گا اسے قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ججز کی آنکھوں میں آنسو تو آتے ہیں لیکن آپ آرڈر کیا دیتے ہیں یہ بھی تو دیکھیں۔ عدلیہ کی توہین عدلیہ کے فیصلوں اور ان کے اندر سے ہوتی ہے، سویلین عدالتیں حکم امتناع دے دیتی ہیں تو کس کا نظام عدل پر اعتماد ہوگا۔ ثاقب نثار ڈیم والا بابا چہرہ دکھانے کے قابل نہیں اور آصف سعید کھوسہ صاحب چھپ کر بیٹھے ہیں۔ سب کو اپنی کرنی کا حساب دینا ہوگا۔

Nawaz Sharif

imran khan

PTI protest

politics may 20 2023