Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹانک: پولیس وین پر دستی بم حملے کے باعث 20 افراد زخمی ایک شخص جاں بحق

حملے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا
اپ ڈیٹ 19 مئ 2023 11:14am
دستی بم حملے میں پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے - اسکرین گریب/ ویڈیو آج نیوز
دستی بم حملے میں پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے - اسکرین گریب/ ویڈیو آج نیوز

ٹانک بھرے بازار میں پولیس وین پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ڈی پی او ٹانک وقاراحمد کے مطابق ٹانک بنوں روڈ پر موٹر سائیکل سواروں نے پولیس وین پر دستی بم پھینکا جس سے موقع پر تین پولیس اہلکارزخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ سے 18 شہری بھی زخمی ہوگئے، جس میں سے ایک شہری کو ڈیرہ اسماعیل خان اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ دیا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ حملہ آوروں کا پیچھا کیا جارہا ہے اور جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔ حملے کے فوری بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر انہیں طبی امداد دی جارہی ہے بعض زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ناکافی طبی سہولیات کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔

اسپتال کو پولیس نے سخت سیکیورٹی حصار میں لے رکھا داخل ہونے والے افراد کی جامہ تلاشی لی جارہی ہے۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل سکواڈ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے میں مصروف ہے۔

خیبر پختونخوا

Blast