60 امریکی اراکین کانگریس نے عمران کو تحفظ دینے کیلئے خط لکھا ہے، فضل الرحمان
سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ 60 امریکی اراکین کانگریس نے عمران خان کو تحفظ دینے کے لئے خط لکھا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج 60 امریکی اراکین کانگریس نے سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھا جس میں عمران خان کو تحفظ فراہم کرنے کا کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خط سے واضح ہوگیا کہ پی ٹی آئی کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، عمران خان کو ایجنڈے پر عمل کے لئے لانچ کیا گیا، ہمیں اپنے ملکی معاملات میں کسی غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ مجرم اور چور کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، عمران خان کی مکمل سہولت کاری کی جارہی ہے، 9 اور 10 مئی کو جو ہوا وہ بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں، عدالتیں مجرموں کو رہا کرکے حوصلے بڑھائے جا رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست کو کمزور کیا جا رہا ہے، بلوائیوں نے ملک کو جلایا، پھر بھی تحفظ دیا جا رہا ہے، ہم نے اس صورتحال کا سامنا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے صبر و تحمل کا امتحان نہ لیا جائے، صورتحال سے غافل نہیں، صورتحال کا مقابلہ کریں گے، ہم سب تیار ہیں۔
آرمی ایکٹ سے متعلق سوال پر پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ جب فوجی تنصیبات پر حملے ہوں اور شہری عدالتوں کا یہ حال ہو تو آرمی ایکٹ اس وقت نہیں آئے گا تو کیا آئے گا، البتہ فوج آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کرے گی اور ہم عوامی عدالت میں کارروائی کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی محبت میں پگھلنے والے ملک کا سوچیں، میں مذاکرات کی حمایت نہیں کروں گا، ساری پارٹیاں ایک طرف اور دوسری طرف عمران خان ہیں۔
Comments are closed on this story.