Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا

شیریں مزاری کو تھری ایم پی او کے تحت اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا
اپ ڈیٹ 17 مئ 2023 10:11pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔

پنجاب پولیس نے جیل سے رہائی پانے والی پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کو دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے ان کی گرفتاری میں پنجاب پولیس کی معاونت کی۔

اس سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری اور فلک ناز کو کیس سے ڈسچارج کردیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں شیریں مزاری اور فلک ناز کو پیش کیا گیا۔

پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی استدعا مسترد کردی۔

مزید پڑھیں: شیریں مزاری اور فلک ناز چترالی رہائی کے فوری بعد اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار

جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے دونوں رہنماؤں کو کیس سے ڈسچارج کیا۔ عدالت نے شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ فلک ناز اور شیریں مزاری سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں۔

پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں کو تھانہ ترنول میں درج اقدام قتل اور اسلحہ لہرانے کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں پیش کیا گیا۔

اس موقع پر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ رہائی کے بعد اڈیالہ جیل کے دوسرے گیٹ سے دوبارہ گرفتار کیا گیا، ڈپلومیٹک انکلیو اور تھانہ سکرٹریٹ میں رکھا گیا۔

شیریں مزاری اور فلک ناز کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا گیا

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

سینیٹر فلک ناز اور شیریں مزاری اپنی وکیل زینب جنجوعہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

وکیل زینب جنجوعہ نے بتایا کہ سینیٹر فلک ناز اور شیریں مزاری عدالت میں ہیں، متعلقہ عدالت پیش کیا گیا اور وہاں سے عدالت نے ڈسچارج کردیا، بس یہ بتایا جائے کہ کوئی اورمقدمہ تونہیں ہے، عدالت مزید کسی گرفتاری سے روکے، گزشتہ روز بھی اڈیالہ جیل کے باہر سے دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا، ہمیں خدشہ ہے کہ کسی اور مقدمے میں بھی گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری اور سینٹر فلک ناز کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

عدالت نے پولیس کو مقدمات کی تفصیل فراہمی کا حکم دے دیا اور فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد پولیس مقدمات کی تفصیلات عدالت میں کل تک فراہم کرے۔

عدالت نے کل تک غیر قانونی گرفتاری پر دیگر صوبوں کو بھی روک دیا۔

ملیکہ بخاری دوبارہ گرفتار

رہنما پی ٹی آئی ملیکہ بخاری کو رہائی کے فوراً بعد دوبارہ اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔ ملیکہ بخاری کو اسلام آباد پولیس کے اہلکار گرفتار کرکے نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ملیکہ بخاری کو رہا کیا گیا تھا۔

pti

Bail

Islamabad High Court

shireen mazari

islamabad local court

senator falak naz

Politics may 17 2023