Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

حملوں میں ملوث ’دہشتگرد‘ زمان پارک میں ہیں، پی ٹی آئی حوالے کرے، پنجاب حکومت

آئندہ کیلئے پولیس کو شرپسندوں کیخلاف فری ہینڈ دے دیا، نگراں وزیراطلاعات پنجاب
شائع 17 مئ 2023 01:57pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

نگراں وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت دہشت گردوں کو 24 گھنٹوں میں پولیس کے حوالے کردے، پی ٹی آئی نان اسٹیٹ ایکٹر کا روپ دھارتی جارہی ہے، آئندہ کے لیے پولیس کو شرپسندوں کے خلاف فری ہینڈ دے دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامرمیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نان اسٹیٹ ایکٹر کا روپ دھارتی جارہی ہے، پی ٹی آئی کی خواتین دہشت گردوں سے زیادہ تشدد پسند ہیں،ایک سال سے یہ اداروں کو دھمکیاں دیتے آرہے ہیں، اب انہوں نے اپنی دھمکیوں کو عملی شکل دے دی ہے۔

نگراں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے تحت ملک بھر میں حملے ہوئے، 9 مئی کو ریاستی رٹ کو چیلنج کیا گیا، ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، انٹیلی جنس معلومات انتہائی خطرناک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملوں کی منصوبے بندی کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں ہیں، جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے بھی زمان پارک میں موجود ہیں، پی ٹی آئی قیادت سے درخواست ہے کہ ملزمان کو حوالے کردیں۔

عامر میر نے بتایا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر رات 8 بجے تک حملہ جاری رہا، حملہ آوروں کا زمان پارک میں لوگوں سے رابطہ رہا، ہینڈلرز نے یہاں تک بتایا کہ آپ نے کہاں تک جانا ہے، شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس رکھی جائے گی، انسداد دہشت گردی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، شرپسندوں کو نشان عبرت بنادیں گے، 9 مئی کو شرپسندوں نے ریڈ لائن کراس کی، 3400 افراد کے خلاف 254 مقدمات درج ہوچکے ہیں، 78 افراد جسمانی ریمانڈ پر ہیں ۔

نگراں وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ شرپسندوں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہوگا، دوسرے درجے کے ملزمان کے کیسز اے ٹی سی میں جائیں گے، شرپسندوں کے خلاف پولیس کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے، شرپسندوں پر پولیس کو گولی چلانے کی اجازت دے دی ہے، دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا، دوبارہ ایسی حرکت ہوئی تو شرپسندوں کو فواد چوہدری سے زیادہ تیز دوڑ لگانا پڑے گی۔

Lahore High Court

amir mir

Politics may 17 2023

caretaker information minister punjab