Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع

چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
اپ ڈیٹ 17 مئ 2023 02:33pm
فوٹو۔۔۔۔۔ بزنس اسٹینڈرڈ
فوٹو۔۔۔۔۔ بزنس اسٹینڈرڈ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی اور گرفتاری روکنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں 31مئی تک توسیع کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس گل میاں اورنگزیب نے عمران خان کے خلاف 100 سے زائد مقدمات کی تفصیلات فراہمی اورگرفتاری روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے وکیل بیرسٹر گوہر پیش ہوئے تو وفاق کی نمائندگی ایڈیشنل اٹارنی جنرل ، ایڈوکیٹ جنرل اوراسٹیٹ کونسل نے کی۔

دورانِ سماعت وفاق کی جانب سے عدالت سے کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی گئی۔

وفاق نے استدعا کی کہ کچھ مہلت دے دیں، کیسز کی تفصیلات فراہم کر دیں گے۔ جس پر عدالت نے استدعا منظور کرلی۔

عدالت نے عمران خان کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں31 مئی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو آج (17 مئی) تک کسی بھی کیس میں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیسز پر سماعت کی۔

عدالت نے عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں 31 مئی تک توسیع کردی۔

کوریج کے لیے 30 سے تعداد کم کرکے صرف 5 صحافیوں کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت دی گئی۔

اس سے قبل عمران خان کی جانب سے ان کی لیگل ٹیم کے رکن بیرسٹر گوہر نے آج کے تمام کیسوں میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں ایک اور مقدمہ درج

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا گیا، عمران خان کی پیشی کے موقع پر امن و امان کا مسئلہ ہو سکتا ہے، عدالتی حکم پر ضمانتوں کے لیے عمران خان متعلقہ فورمز سے رجوع کررہے ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

pti

imran khan

Bail

Islamabad High Court

imran khan arrested

Politics may 17 2023