حکومت نے سرکاری وفوجی تنصیبات بچانے کی کوشش نہیں کی، پرویز الہٰی
پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کبھی فوج اورعوام میں فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں ماما جی کی عدالت لگانے کا کوئی فائدہ نہیں، قومی اسمبلی میں نہ تو اپوزیشن ہے اور نہ ہی ممبران پورے ہیں۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کے وقت آئی جی اور پنجاب پولیس کہاں تھی؟ اصل قصور وار محسن نقوی ہیں سزا تو ان کو ملنی چاہیئے، حکومت نے سرکاری اور فوجی تنصیبات کو بچانے کی کوشش نہیں کی، 9 مئی کے واقعات کی صاف اور شفاف انکوائری ہوئی توحکومت کا خفیہ ہاتھ بے نقاب ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف بدستور آگ بھڑکانے میں لگے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم حکومت، فوج اور عوام میں جنگ کرانا چاہتی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی صدر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے مسلح جتھوں کو جمع کر کے حکومت نے اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا، چیف جسٹس کی دانشمندی نے حکومتی منصوبہ ناکام بنا دیا، فضل الرحمان اور مریم نواز پر توہین عدالت لگائی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سپریم کورٹ کوآئین کی پاسداری سے نہیں روک سکتی، پنجاب میں بروقت الیکشن ہوجاتے تو حالات اس حدتک نہ پہنچتے۔
Comments are closed on this story.