Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

حافظ نعیم الرحمان کا پی ٹی آئی گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

سیاسی وابستگی کی بنیاد پر گرفتاری قابل مذمت ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی
شائع 15 مئ 2023 06:07pm
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان۔ فوٹو — فائل
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان۔ فوٹو — فائل

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایسے تمام افراد جو براہ راست کسی کارروائی میں ملوث نہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، خاص طور پر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، انہیں بھی فوری رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا تھا ہم کسی ایک فرد کو بھی سیاسی بنیاد پر گرفتار نہیں کریں گے، سیاسی وابستگی کی بنیاد پر گرفتاری قابل مذمت ہے۔

کراچی کی مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 دنوں میں محض 10 لاکھ لوگوں کو شمار کیا ، 16 ہزار کے عملے نے ایک لاکھ گھروں کی خانہ شماری کی، جب کہ شہر میں 38 ہزار ہائی رائز عمارتیں ہیں جہاں عملہ گیا ہی نہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ مردم شماری کا عملہ نارتھ ناظم آباد میں فارم دے کر چلا گیا، ایس او پی کے مطابق خانہ شماری ڈیجیٹل ہونا تھی لیکن انہوں نے فارم دیے اور چلے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو شہروں کی آبادی کی کوئی فکر نہیں، اندرون سندھ کے کون سے ایسے شہر ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے باہر سے لوگ آتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حقوق کی بات کریں تو پیپلز پارٹی اسے لسانی رنگ دیتی ہے، ہم چاہتے تو الطاف حسین سے سمجھوتہ کرلیتے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا، البتہ بے نظیر الطاف بھائی بھائی کا نعرہ سب کو یاد ہے۔

karachi

PPP

Hafiz Naeem ur Rehman

PTI protest

Census 2023