Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی کے کتنے کارکنوں کو ضمانت ملی، کون بدستور قید

عدالت نے فردوس شمیم نقوی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا
شائع 15 مئ 2023 05:44pm
فوٹو — اے ایف پی/ فائل
فوٹو — اے ایف پی/ فائل

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی رہنما و کارکنان کی ضمانت منظور ہوچکی ہے جب کہ متعدد بدستور جیلوں میں قید ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچانےکے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے 12 گرفتار کارکنان کی عبوری ضمانت ایک، ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض 27 مئی تک منطور کرلی۔

دوسری جانب کراچی کی مقامی عدالت میں ملینیم مال پر تحریک انصاف احتجاج کے مقدمے سماعت ہوئی جس میں شارع فیصل پولیس نے فردوس شمیم نقوی کو پیش کیا۔

اس موقع پر پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے الزامات ہیں، ملزمان نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے املاک کونقصان پہنچایا۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ ملزم اگرکسی مقدمے میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ شارع فیصل تھانے میں درج مقدمے میں 22 کارکنان پہلے ہی ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ لاہور ہائی کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 23 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے پولیس کو تین مقدمات میں مطلوب سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کو کل عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

karachi

PTI protest

Imran Khan Arrest