Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی مفادات کے لئے ہے، سراج الحق

کیا عمران خان کی رہائی والا معیار سب کے لیے میسر ہے، سراج الحق کا سوال
شائع 14 مئ 2023 04:45pm

سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی جماعتیں سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج کررہی ہیں، سپریم کورٹ نے عمران خان کو رہائی دی، کیا انصاف کا یہ معیار سب کے لیے میسر ہے۔

سابق مئیر پشاور ارباب طارق کی جماعت اسلامی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں حکومت میں ہوتے ہوئے جماعتیں سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں عمران خان کو رہائی ملی لیکن جماعت اسلامی کے کارکنوں کے یہ انصاف نہیں، کیا انصاف کا یہ معیار سب کے لیے میسر ہے، ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے، انصاف کے تقاضے سب کے لیے برابر ہونے چاہئیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل عدالتیں نہیں ڈائیلاگ ہیں، مرکز اور صوبوں میں نگران حکومتیں قائم کرکے ملک میں ایک ہی دن الیکشن کرائے جائیں، سیاسی تنازع کے حل کے لیے فل کورٹ بناکر فیصلہ دیں، پھر کوئی بھی فیصلے سے اختلاف نہیں کرسکتا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پشاور میں ریڈیو پاکستان اور پنجاب میں جناح ہاؤس جل رہا تھا تو نگران حکومتیں کہاں تھیں، بانی پاکستان کی نشانیاں جلائی گئیں، ریڈیو پاکستان کی عمارت دیکھی، عمارت رو رہی ہے، آپ لوگ ملک نہیں چلا سکتے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی مفادات کے لئے ہے، انہی جماعتوں کے لیڈروں کے نام پانامہ لیکس میں شامل ہیں، ہم پانامہ لیکس پر عدالت گئے لیکن انصاف نہیں ملا، آج ملک افسردہ ہے، ہر شخص پریشان ہے، پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر صوبوں میں پابندی قبول نہیں، یہ ایک ملک ہے تو گندم یا آٹے پر تقسیم کیوں ڈالی جارہی ہے۔

pti

PDM

Jamat e Islami

Siraj Ul Haq