Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں کون کرے گا راج

پیپلزپارٹی 155 نشستوں کے ساتھ پہلے اور جماعت اسلامی 130 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر
شائع 13 مئ 2023 07:28pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں کون کرے گا راج ۔ پیپلزپارٹی کی نشستیں سب سے زیادہ ہیں جبکہ جماعت اسلامی کا دوسرا نمبر ہے۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد 15جنوری 2023 کو ہوا جبکہ ضمنی بلدیاتی الیکشن رواں ماہ ہوئے۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں غیرحتمی نتائج کے مطابق پارٹی پوزیشن میں پاکستان پیپلزپارٹی سب سے آگے ہے اور بلدیاتی الیکشن میں خاصی متحرک رہنے والی جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر ہے۔

غیرحتمی نتائج کے تحت پیپلزپارٹی 155 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ جماعت اسلامی 130 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کراچی بلدیاتی الیکشن میں غیر حتمی نتائج کے مطابق 63 نشستیں ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 14 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں کراچی میں جلسہ کررہے ہیں۔

ٹاور کے مقام پر ہونے والے جلسے میں توقع کی جارہی ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میئر کراچی کے لئے جیالے امیدوار کا اعلان کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے حلقوں کی جانب سے خیال کیا جارہا ہے کہ میئر کراچی کے لئے مرتضیٰ وہاب فیورٹ امیدوار ہیں اور انہی کو میگا سٹی کا میئر بنائے جانے کا امکان ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ میئر کراچی کی جنگ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان ہورہی ہے۔ کراچی کی سیاست میں اہم سمجھی جانے والی ایم کیو ایم پاکستان اس میں شریک نہیں ہے کیونکہ ایم کیو ایم پاکستان نے تحفظات کی بنا پر بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

Jamat e Islami

mayor karachi

Pakistan People's Party (PPP)

Karachi Local Bodies Election 2023