Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی: عدالت نے پی ٹی آئی کے 22 کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

مقامی عدالت نے 63 کارکنوں کی ضمانت منظور کرلی، ملیرکورٹ کا 9 کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم
شائع 13 مئ 2023 06:39pm
تصویر بذریعہ روئٹرز (فائل)
تصویر بذریعہ روئٹرز (فائل)

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 22 کارکنوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ مقامی عدالت نے کپتان کے 63 ساتھیوں کی ضمانت منظور کرلی جبکہ ملیرکورٹ نے 9 کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ خارج کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں عمران خان کی گرفتاری کیخلاف ملینیم مال پر احتجاج کے مقدمے میں گرفتار 22 کارکنوں کو پیش کیا گیا۔

پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی لیکن عدالت نے مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے دو ہفتوں میں تفتیش مکمل کرکے چالان جمع کروانے کا حکم دیا۔

ادھر سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پانچ تھانوں میں درج مقدمات میں گرفتار 54 کارکنان کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ضمانت منظورکرلی۔

عدالت نے 54 کارکنوں کو فی کس 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا۔ متعلقہ افراد پر مومن آباد، پاک کالونی، اقبال مارکیٹ، اورنگی ٹاون اور سرجانی تھانوں میں میں مقدمات درج تھے۔

ملیر کورٹ میں سچل تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کے 9 کارکنوں کو پیش کیا گیا، عدالت نے تحریک انصاف کے وکلا کی مقدمہ خارج کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمہ خارج کرکے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

شاہ لطیف اور قائد آباد تھانوں میں درج مقدمات میں گرفتار 5 کارکنوں کی عبوری ضمانت منظورکرلی گئی ، عدالت نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔

قائد آباد تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار 21 افراد کی درخواست ضمانت پر عدالت نے پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے پندرہ مئی کو جواب طلب کرلیا۔

PTI protest

imran khan arrested

Imran Khan Bail

Politics May 13 2023