Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بھرپور انداز میں اداروں اور پارلیمنٹ کا دفاع کریں گے، خواجہ آصف

عدلیہ، تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ بن چکا، فلم مزید نہیں چلے گی، شیری رحمان
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 02:17pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیر دفاع خواجہ آصف نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ نے گٹھ جوڑ سے نوازشریف کو نکالا، ملزم کوخوش آمدید کہنا افسوس ناک ہے، آپ اٹھ کر گلے بھی لگالیتے، لوریاں دینے والے بھی ساتھ بھیج دیتے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ انتقام کا لفظ ہماری سیاسی ڈکشنری میں موجود نہیں، ہم نے کبھی ذاتیات پر سیاست نہیں کی، پی ٹی آئی رہنما کے گھر پر جو ہوا اس پر افسوس ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پولیس کا عمل میرے لیے باعث ندامت ہے، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ نے گٹھ جوڑ سے نوازشریف کو نکالا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریٹائر ہونے والے آج صفائیاں پیش کررہے ہیں، ملزم کو خوش آمدید کہنا افسوس ناک ہے، آپ اٹھ کر گلے بھی لگالیتے، آپ نے 5،6 لوگوں کوگپ شپ کے لیے بھیجا، آپ لوریاں دینے والے بھی ساتھ بھیج دیتے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ زرداری صاحب کی ہمشیراہ کو نظربند کیا گیا، ایک شخص کو بلینک ضمانتیں دی جارہی ہیں، آپ نے جو کیس سوچا ہے اس پر بھی ضمانت دے دی گئی، آئین میں عدلیہ، انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے اختیارات طے ہیں، ایگزیکٹو پارلیمنٹ کو جوابدہ ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کے احکامات پر عمل درآمد کا پابند ہوتا ہے ، عدلیہ ون مین یا ون انسٹی ٹیوشن شو نہیں ہے، کوئی الزام نہیں ملا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل کردیا گیا۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ برباد معیشت ہمیں ورثے میں ملی، جو الزامات انہوں نے لگائے کیا ان پر اب تک کھڑے ہیں، کل جوباتیں کی گئیں سابق وزیراعظم کو وہ زیب نہیں دیتیں۔

لاہور اور راولپنڈی میں فوجی تنصیبات پرحملے ہوئے، ہم نے دشمن کو اپنا مذاق اڑانے کا مؤقف فراہم کیا، اداروں پر حملہ آور ہوئے کیونکہ وہ آپ کی پشت پناہی نہیں کرتے ہیں، بھرپور انداز میں اداروں اور پارلیمنٹ کا دفاع کریں گے۔

عمران نیازی کی پشت پناہی کی جارہی ہے، شیری رحمان کا الزام

دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انتشار نے ملک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے ملک کو مفلوج کرنے کی کوشش کی، ملک کی ساکھ کو داؤ پر لگایا گیا ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کو ریاست اور قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، عمران نیازی کی پشت پناہی کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز والد کو ملنے گئیں تو ان کو گرفتار کرلیا گیا، منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، جتھوں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔

شیری رحمان نے کہا کہ عدلیہ اور تحریک انصاف کا ایک گٹھ جوڑ بن چکا یہ صاف نظر آرہا ہے، ان کی یہ فلم اب مزید نہیں چل سکتی اب حکومت بھی اپنا ٹریلر چلائے گا، عدل کا جھکاؤ نظر آرہا ہے ایک ساتھ 9 کیسز میں ریلیف دیا گیا، حکومت نے تہیہ کیا ہے اب کسی کو کھلی چھوٹ نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے، ہمارا میسیج ہے ملک کو جلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اسلام آباد

PPP

press conference

Sherry Rehman

Politics May 13 2023