Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست دے، عدالت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 02:55pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست دے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں دی گئی عبوری ضمانت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

7 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ عمران خان تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست کرسکتا ہے، تفتیشی کو جب بھی ضرورت ہوعمران خان ان کے سامنے پیش ہوں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل اٹارنی نے کہا آرٹیکل 245 کا نفاذ ہے، عمران خان کو ریلیف نہیں مل سکتا، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی کا یہ مؤقف جارحانہ ہے۔

عدالت نے کہا کہ اس مؤقف کا مطلب وہ بنیادی حقوق غصب کرنا ہے جو جمہوری اور اسلامی ریاست کی بنیاد ہیں، تصور نہیں کیا جا سکتا ایک ذمے دار حکومت شہریوں کے لیے انصاف کی رسائی میں یہ رکاوٹ ڈالے گی، آرٹیکل 245 کے نفاذ میں عدالت تک رسائی کے نکتے پر اٹارنی جنرل کو نوٹس کیا اور ان سے اہم آئینی نکتے پر معاونت طلب کی۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے متعلقہ فورم احتساب عدالت کے ہونے کا اعتراض اٹھایا، عمران خان کو سپریم کورٹ احکامات پر ہائی کورٹ پیش کیا گیا، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا اعتراض درست نہیں، ہائیکورٹ کوڈ آف کرمنل پروسیجر کی سیکشن 561 اے کے تحت بھی کیس سننے کا اختیار رکھتی ہے۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا کہ دوران تفتیش عمران خان سے کیس سے متعلق کچھ سوالات ضرورکیے گئے، عمران خان سے کسی دستاویز سے متعلق نہیں پوچھا گیا، عمران خان کی31 مئی تک عبوری ضمانت منظور جاتی ہے۔

توشہ خانہ کیس کی سماعت

دوسری جانب اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت ہوئی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع دیا ہوا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی مستند کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔

pti

imran khan

Islamabad High Court

imran khan arrested

Politics May 13 2023