Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت عالمی میڈیا کو قائل کرنے کیلئے سرگرم، احسن اقبال کے عمران پر الزامات

عمران خان کا دور اقتدار بدترین انتقامی دور تھا، وفاقی وزیر
شائع 10 مئ 2023 02:34pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

عمران خان کی گرفتاری کے بعد جہاں ایک جانب پی ٹی آئی نے عالمی سطح پر رابطے کیے ہیں وہیں وفاقی حکومت عالمی میڈیا کو قائل کرانے اور عالمی رائے عامہ اپنے حق میں ہموار کرنے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بدھ کو اسلام آباد میں غیرملکی صحافیوں کے ساتھ گفتگو کی۔ انگریزی زبان میں کی گئی پریس کانفرنس میں ان کا سارا زور عمران خان کیخلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر رہا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اسلام ہائیکورٹ نے بھی عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا، وہ اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا، عمران خان کا دور اقتدار بدترین انتقامی دور تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو نیب نے کرپشن کے کیس میں گرفتار کیا، یہ کوئی معمولی کیس نہیں، 60 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا کیس ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 160 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں جمع نہیں کرائے، انہوں نے رقم ذاتی مفاد کے لیے استعمال کی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں افراتفری پھیلائی گئی، پولیس پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور توڑ پھوڑ کی، پی ٹی آئی کارکنوں نے سیکیورٹی اداروں کی املاک پر حملہ کیا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کی، نواز شریف اور شہباز شریف سمیت ن لیگ کی قیادت کو گرفتار کیا گیا۔

pti

PMLN

Ahsan Iqbal

اسلام آباد

imran khan

imran khan arrested

politics may 10 2023