Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

میری گرفتاری کا منصوبہ تیار ہے، ارکان اسمبلی عوام کو ساتھ ملا کر نکلیں، شاہ محمود قریشی

عمران خان کی گرفتاری کے تانے بانے لندن سے ملتے ہیں، رہنما تحریک انصاف
اپ ڈیٹ 09 مئ 2023 09:53pm
فوٹو ـــ فائل
فوٹو ـــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کی اپیل کردی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے پارٹی کے مستقبل کی حکمت عملی بتاتے ہوئے کہا کہ جوش کے ساتھ ہوش اور دانشمندی سے کام لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری غیر اخلاقی، غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا دانشمندی سے مقابلہ کرنا ہے، حکمت عملی سے آگے بڑھنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک کے لئے جاتے ہوئے گاڑی میں ویڈیو ریکارڈ کی، جس میں انہوں نے جن خدشات کا اظہار کیا اس پر انھیں گرفتار کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ میری گرفتاری کا منصوبہ تیار ہے، چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد انصاف کا پرچم میں نے تھام لیا ہے اور میری گرفتاری کے بعد کسی اور کو انصاف کا جھنڈا تھامنا ہوگا۔

موجودہ حکومت کا مقابلہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنا ہوگا، سرکار ہٹ دھرمی پر قائم ہے یہ لوگ شہریوں کو کیڑے مکوڑے سمجھتی ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ضد نہیں کررہے، وہ کہتے ہیں کہ اصولوں پر سودا نہیں کروں گا، عمران خان تو یہ تک کہہ چکے ہیں کہ ان پر قاتلانہ حملہ ہوتا ہے تو وہ معاف کردیتے ہیں۔

پی ٹی آئی سینئر رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ قانونی اور سیاسی طریقے سے آگے بڑھیں، ہم چاہتے تھے کہ کوئی سیاسی راستہ نکل آئے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ ہم منتظر تھے سپریم کورٹ اپنا مؤقف دے گی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جہاں جہاں ہیں اپنے گھروں سےنکلیں، ہم نے پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے، عمران خان کی گرفتاری کے تانے بانے لندن سے ملتے ہیں، نوازشریف نے اسی لیے لندن میں قیام بڑھا دیا ہے۔

عمران خان کی گرفتار پر رہنما تحریک انصاف حماد اظہار نے بھی ردعمل دیا۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پارٹی چیئرمین پر دوران گرفتاری تشدد کی اطلاعات ہیں۔ قوم اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے، پورا پاکستان باہر نکلے گا۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے پارٹی سربراہ عمران خان کی گرفتار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ عمران خان اس وقت پوری قوم کے نمائندہ لیڈر ہیں۔ نوجوان، طلبا و طالبات، سول سوسائٹی اور تمام محب وطن پاکستانی پارٹی چیئرمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے والوں کا سیاسی مستقبل خراب ہو جائے گا۔ اس حوالے سے عدلیہ پر بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے، اب عدلیہ اور وکلا کا امتحان ہے، کالا کوٹ پہننے والے انقلاب لے کر آئیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان کو بغیر کسی ایف آئی آر کے گرفتار کیا گیا، پارٹی چیئرمین عدالت میں پیش ہونے گئے تھے وہاں سے انھیں گرفتار کیا گیا،، عمران خان کی محبت میں لوگ سڑکوں پر آرہے ہیں۔

PDM

PTI protest

Imran Khan Arrest

Politics May 9 2023