Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

شرمندگی ہوتی ہے کہ افتخار کا نام چاچا پڑگیا، بابر اعظم

ہماری اس ٹیم میں ناراضگی نہیں ہوتی، بابر اعظم کا صحافی کو جواب
شائع 08 مئ 2023 03:54pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ افتخار احمد کو چاچا کہنے پر شرمندگی ہوتی ہے کیوں کہ اس کے بعد ان کو سب ہی چاچا کہنے لگے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں شکست کے بعد دوران پریس کانفرنس صحافی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے افتخار احمد کی شاندار اننگز سے متعلق سوال کیا۔

جس پر بابر اعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار مجھے شرمندگی بھی ہوتی ہے کہ افتخار احمد کا نام چاچا مقبول ہوگیا جو افتخار کے لئے اچھا نہیں ہوا۔

افتخار احمد کی شاندار اننگز پر بات کرتے ہوئے کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دوسری اننگز میں افتخار کے ساتھ کوئی کھڑا نہیں ہو پایا، اس سے پہلے افتخار نے ٹی 20 میں بھی ایسی کارکردگی دکھائی تھی جس سے لگا تھا کہ اس نے ایک طرفہ میچ کردیا، یہی وجہ ہے کہ ہم نے افتخار کو چانس دیا۔

ایک صحافی کی جانب سے قومی کرکٹر اور بابر کے قریبی دوست امام الحق کے ٹویٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ کیا امام الحق کو کوئی ناراضگی ہے؟

جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابھی تک تو میں نے موبائل نہیں دیکھا کہ امام نے کیا ٹویٹ کی ہے لیکن ہمارے کھلاڑیوں کا ٹرسٹ لیول کافی اچھا ہے، ہماری اس فیملی میں کچھ بھی ہوتا ہے تو ہم کوشش کرتے ہیں کہ اپنے تک رکھیں، ہمیں باہر جانے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی، نہ ہی لڑکے ایسا کرتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پچھلے میچ میں ہم نمبر ون بھی آئے ہیں، ہم نے اچھی سیریز کھیلی لیکن بہتر فِنش نہیں کر پائے، ہم اچھی کرکٹ کھیل سکتے تھے، بیٹنگ میں کچھ خامیاں تھیں اسے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے اور آںے والے میچز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے کپتان بن گئے ہیں؟ جس پر بابر اعظم نے جواب دیا کہ مجھے اب تک اس بات کا علم نہیں۔

قومی کرکٹر عماد وسیم کو موقع دیے جانے سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ آل راؤنڈر محمد نواز کی انجری کے بعد ہمارے پاس 2 میچز رہ گئے تھے۔ مجھے نہیں لگا کہ عماد کو اتنے کم میچز کیلئے موقع دیا جائے۔

cricket

babar azam

karachi

imam ul haq

odi series

iftikhar ahmed

PAKvsNZ