Aaj News

بدھ, نومبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کیخلاف 121 مقدمات: لاہور ہائیکورٹ کا تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کا حکم

عدالت نے سرکاری وکیل کو انویسٹی گیشن رپورٹ جمع کرانے کا موقع فراہم کردیا
اپ ڈیٹ 08 مئ 2023 03:16pm

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 121 مقدمات کے اخراج کی درخواست پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور انویسٹی گیشن ٹیم کو تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے عمران خان کے خلاف 121 مقدمات کی کارروائی روکنے سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کی۔

جسٹس انوار الحق، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس طارق سلیم اور جسٹس امجد رفیق بینچ میں شامل تھے۔

عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ جے آئی ٹی سے تعاون کیا جا رہا ہے،عمران خان شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کی کیا کہ جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ کہاں ہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ رپورٹ ابھی تک نہیں مل سکی، تاخیر ہونے پر معذرت خواہ ہیں۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ ایک کیس میں کہہ رہے ہیں کہ ویڈیو لنک پر لیا جائے اور دوسرے میں کہہ رہے ہیں کہ تمام کیس یکجا کر دیے جائیں۔

عمران کے وکیل نے بتایا کہ 1970 کے بعد سے سیاسی انتقام جاری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب اور اسلام آباد میں درج مقدمات کو یکجا کر دیا جائے، انور مجید کے کیس میں سپریم کورٹ میں 70 سال کی عمر اور بیمار شخص کو ریلیف دینے کی مثال موجود ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے واضح جواب ہی نہیں دیا کہ کتنی ٹوٹل ایف آئی آرز درج ہیں۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ ہم نے کیسز کی تعداد سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی تھی۔

جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دئیے کہ یہ کہاں لکھا ہے کہ ملزم تھانے آ کر ہی شامل تفتیش ہو، یہ بھی کہاں لکھا ہے کہ جہاں آپ موجود ہیں ملزم وہیں پر ہی ضرور آئے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی عمران خان کے گھر گئی، تفتیشی آفیسر کو پابند نہیں کیا جا سکتا کہ ان کی مرضی کے مطابق تفتیش کرے۔

عدالت نے عمران خان کیخلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلی رپورٹ اور جے آئی ٹی سربراہ کو تفتیشی رپورٹ سمیت 19 مئی کو طلب کر لیا۔

pti

imran khan

report

investigation

Lahore High Court

Politics May 8 2023