خاتون جج دھمکی کیس: عمران خان کو جاری نوٹس کیخلاف اپیل پر کل دلائل طلب
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں خاتون جج دھمکی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو جاری نوٹس کے خلاف اپیل پر کل دلائل طلب کرلیے۔ جج طاہرعباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ دلائل نہیں دیں گے تواپیل خارج کردوں گا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہرعباس سپرا نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کو جاری نوٹس کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے سماعت بغیر کارروائی جمعے تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ اپیل پر دلائل عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دینے ہیں، جو آج لاہورہائیکورٹ پیش ہوں گے۔
جج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ سلمان صفدرمصروف ہیں تو ہر کیس میں وکالت نامہ کیوں جمع کروایا ہے، اپیل آپ نے دائر کی، دلائل نہیں دیں گے تو اپیل خارج کردوں گا۔
وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ سیاسی نوعیت کے کیسزختم ہونے میں خاتون جج دھمکی کیس بھی ختم ہوسکتا ہے، اپیل کو ابھی ایک ماہ نہیں ہوا، التواء پر کوئی اعتراض نہیں۔
بعدازاں عدالت نے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت کل بروز منگل تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.