پاکستان 2 دن نمبر ون رہنے کے بعد اب کس پوزیشن پر
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 2 دن نمبر ون پوزیشن پر رہنے کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئی۔
پاکستان 5 میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون پوزیشن پر براجمان ہوا تھا۔
تاہم اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو گزشتہ روز کھیلے جانے والا سیریز کا آخری میچ لازمی جیتنا تھا۔
نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں 47 رنز سے شکست کے بعد پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں پہلی سے تیسری پوزیشن پر آگیا۔
پاکستان نے 5 مئی کو پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم پاکستان بدقسمتی سے صرف 2 دن نمبر رہ سکا۔
تازہ آئی سی سی رینکنگ میں آسٹریلیا کا پہلا، بھارت کا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 میچز کی سیریز کے آخری ون ڈے میں47 رنز سے شکست دے دی، البتہ گرین شرٹس نے سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔
کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 252 رنز بناسکی۔
تاہم افتخار احمد اور آغا سلمان کے علاوہ کوئی پاکستانی کھلاڑی میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
Comments are closed on this story.