Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیاست کا مسئلہ سیاستدانوں نے خود حل کرنا ہے، سراج الحق

سیاسی بدحالی کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تماشا بنا ہوا ہے، امیر جماعت اسلامی
شائع 04 مئ 2023 10:30am

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ سیاست کا مسئلہ سیاستدانوں نے خود حل کرنا ہے، چاہتے ہیں آئندہ الیکشن دھاندلی سے پاک ہو۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق سپریم کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، ان پر مقدمے کیخلاف سپریم کورٹ آئے ہیں، امید ہے کہ عدالت سے ہمیں انصاف ملے گا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی انتشار ہے، پارلیمان اور عدالت آمنے سامنے ہے، افراتفری کاسب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہو رہا ہے، سیاسی بدحالی کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تماشا بنا ہوا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاست کا مسئلہ سیاستدانوں نے خود حل کرنا ہے عدالت نے نہیں، سیاسی جماعتوں کے درمیان تناو اورٹکراو سے نقصان جمہوریت کا ہوگا، الیکشن سے متعلق متفقہ تاریخ کیلئے مزید رابطوں کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں آئندہ الیکشن دھاندلی سے پاک ہو۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری اورگوادر میں دو ماہ تک دھرنے اور احتجاج کی قیادت کرنے والے ”حق دو“ تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمان کو 13 جنوری کو بلوچستان پولیس نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ عدالت میں خود گرفتاری دینے کیلئے داخل ہورہے تھے۔ ان کے خلاف قتل، اقدام قتل، لوگوں کو تشدد کے لیے اکسانے اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Jamat e Islami

Supreme Court of Pakistan

Siraj Ul Haq

Haq do movment