’ارشد صاحب کے قتل کے سہولتکاروں سے یہاں تقریریں کرا رہے ہیں‘
صحافت کے عالمی دن پر ملک بھر کے پریس کلبز کے تحت سیمیناروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ صحافیوں نے اس دن کو ارشد شریف کے نام سے منسوب کر دیا۔
دنیا بھر میں آزادی صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے لاہور پریس کلب میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد بے جا پابندیوں اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، چند سالوں سے صحافیوں اور صحافتی اداروں کے خلاف بڑھتی ہوئی کارروائیاں تشویشناک ہیں۔
صحافیوں کی بڑی تعداد نے مقتول صحافی ارشد شریف کو انصاف دلانے کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ اور بے جا سنسرشپ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
پریس کلب اسلام آباد میں بھی ارشد شریف کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ہوا جس میں حکومتی وزراء اعظم نذیر تارڑ اور جاوید لطیف کی شرکت پر صحافیوں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ سے پوچھا کہ ان لوگوں کو کیوں بلایا گیا۔
اسی طرح ملک کے دیگر شہروں کی طرح کندھ کوٹ پریس کلب میں صحافیوں نے بھی ریلی نکالی۔
کندھ کوٹ پریس کلب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی کال پر صحافیوں نے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کیا۔
اس موقع پر صحافیوں نے شہید ارشد شریف کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور یہ بھی کہا کہ ہر دور حکومت میں اہل قلم کے ساتھیوں نے سخت حالات کا سامنے کرتے ہوئے جانوں کے نظرانے پیش کئے ہیں۔
پی ایف یو جے کی کال پر بلوچستان یونین اُف جرنلسٹس کے زیراہتمام کوئٹہ میں بھی سیمینار کا انعقاد ہوا، جس میں صحافی، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان اورمیڈیاورکرز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
سیمینارسے خطاب میں بی یو جے کے صدرعرفان سعید،پریس کلب کے صدرخالق رند ودیگر نے موجودہ حکومت کے دورمیں صحافت پر قدغن اوراظہاررائے پرپابندی پرتشویش کااظہارکیا اورکہا کہ موجودہ دور میں صحافیوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، واچ ڈاگز سال 2022 صحافیوں کے لیے خطرناک ترین شہر قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بعض چینلزمالکان سیاسی جماعتوں کی پارٹی بن گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مالکان کی لڑائی میں کارکن مار کھاتا ہے، موجودہ ملکی حالات میں صحافیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے، ورکرز کو مالی مسائل کا بھی سامنا ہے، میڈیا ورکرز کم تنخواہوں میں بھی سخت ڈیوٹی کرتے ہیں۔
Comments are closed on this story.