Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسلم لیگ ن دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کرے گی، رانا ثناء اللہ

آڈیوز لیک معاملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، وفاقی وزیرداخلہ
شائع 30 اپريل 2023 11:20pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کرے گی۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی مگر ملک بھر کی تمام اسمبلیوں کے لیے شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ، آڈیوز لیک معاملہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے ورنہ شفاف انتخابات پر کئی سوالات کھڑے ہوں گے ہم 2018 کی طرح نہ تو دھاندلی ہونے دیں گے اور نہ ہی دھاندلی زدہ نتائج قبول کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آئندہ الیکشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے مگر موجودہ آڈیوز لیک معاملہ نے کئی شکوک و شبہات پیدا کر دیئے ہیں۔ مذکورہ آڈیوز کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی عوام کے سامنے آسکے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک کام نہیں کیا، انھوں نے صرف گالی کلچر کو متعارف کروایا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہم نے دل کے مریضوں کے لیے اور بچوں کے علاج و معالجہ کے لیے ایشیا کا سب سے بڑا چلڈرن اسپتال بنایا۔ ہمارے دور میں سڑکیں اور ایکسپریس وے بنے مگر عمران خان بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں کیا کچھ کیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کی ساری مقبولیت سوشل میڈیا پر ہے سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو ورغلایا گیا ہے اگر عوام نے اسے مسترد نہ کیا تو یہ قوم کو کسی حادثے سے دوچار کردے گا ہٹلر بھی بڑی اچھی تقاریر کرتا تھا مگر قوم کو حادثے سے دوچار کروا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 2014 میں عمران خان کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ ایک سال تاخیر کا شکار ہوا جس سے ملکی معیشت اور ملکی وقار کو شدید دھچکا لگا۔

pti

PDM

Elections