Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’الٹی گنتی نا منظور‘ مردم شماری کیخلاف پی ٹی آئی کا کراچی کے 29 مقامات پر احتجاج

کبھی بھی مردم شماری درست نہیں کی گئی، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل
شائع 29 اپريل 2023 08:49pm
فوٹو ـــ ٹوئٹر / عمران اسماعیل
فوٹو ـــ ٹوئٹر / عمران اسماعیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مردم شماری کے خلاف کراچی کے انتیس مقامات پر احتجاج کیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی کیمپس لگائے گئے۔ جس میں کارکنوں کے ساتھ مقامی قیادت نے بھی شرکت کی اور مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے متنازعہ قرار دیا۔

پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل، علی زیدی، آفتاب صدیقی، عالمگیر خان، خرم شیرزمان، بلال غفار، ارسلان تاج سمیت دیگر رہنماوں نے احتجاجی کیمپس کا دورہ کیا۔

تحریک انصاف نے نمائش چورنگی، کورنگی کراسنگ، پاور ہاؤس، ملیر 15، حسن اسکوائر سمیت متعدد مقامات پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سابق گورنر سندھ اور رہنما پی ٹی آئی عمران اسماعیل نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ کراچی کی وجہ سےعمران خان کی حکومت بن سکی ہے، پی ٹی آئی کل بھی کراچی کے ساتھ تھی آج بھی ہے، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ کبھی بھی مردم شماری درست نہیں کی گئی۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ جب حق و سچ کی بات کرو تو غدار کہا جاتا ہے، ہم کبھی کراچی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، ہم بھرپور جواب دینا جانتے ہیں، پیچھے نہیں ہٹیں گے، الیکشن کروا کر رہیں گے اور ہم اپنا حق لے کر رہیں گے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی، جرنل سیکریٹری ارسلان تاج اور ایم این اے عالمگیر خان نے حسن اسکوائر پر مظاہریں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی کی غلط شماری ایک فراڈ ہے، یہ کراچی والوں کے حق پر ڈاکہ ہے، اس غلط شماری کو تحریکِ انصاف مسترد کرتی ہے۔

دوسری طرف پی ٹی آئی کی جانب سے جمعہ کو کراچی کے نجی ہوٹل میں مردم شماری کیخلاف اسٹیک ہولڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ یکم مئی کو مردم شماری کے نتائج کیخلاف سخی حسن کے مقام پر گرینڈ احتجاج بھی شیڈول ہے۔

pti

MQM Pakistan

Census 2023

Reservations census 2023

Politics April 29 2023