Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

فخر زمان کے شاندار 180 رنز، نیوزی لینڈ کو شکست

نیوزی لینڈ کا 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف قومی ٹیم نے 10 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔
اپ ڈیٹ 30 اپريل 2023 12:42am
فوٹو ــ ٹوئٹر / پی سی بی
فوٹو ــ ٹوئٹر / پی سی بی

دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کا 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف قومی ٹیم نے 10 گیندیں قبل تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فخر زمان نے 180رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان، کپتان بابر اعظم نے فخر کا بھرپور ساتھ دیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے راولپنڈی میں کھیلا گیا، ٹاس پاکستانی کپتان بابر اعظم نے جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے پہلے بیٹنگ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پاکستانی بولرز کے خلاف کھل کے شاٹس کھیلے۔ کیویز بیٹر ڈیرل مچل کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دیا۔

مہمان ٹیم کے ڈیرل مچل نے 129 اور ٹام لیتھم نے 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اوپننگ بیٹر چیڈ بوزنے 51 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی بولرز مقررہ اوورز میں پانچ کیویز بلے بازوں کو ہی آوٹ کرسکے، حارٖث رؤف نے 4 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ون ڈے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر احسان اللہ کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔

نیوزی لینڈ کے 337 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے پُراعتماد کھیلتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کی۔ اوپنر فخر زمان نے 150 کا ہندسہ عبور کیا۔ انھوں نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹاکس لگائے۔

فخر زمان نے پہلے امام الحق کے ساتھ 66 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر 135 رنز بنائے۔

اوپنر امام الحق 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز اسکور کیے۔

فخر اور رضوان کی میچ وننگ شراکت

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی ایک بار پھر قومی ٹیم کے لئے کارآمد ثابت ہوئے۔ انھوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 100 سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کی اور وکٹ پر چٹان کی طرح جمے رہے۔ فخر زمان اور محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے بولرز کو بے بس کیے رکھا اور آزادانہ شاٹس کھیلتے رہے۔

دونوں کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوئے اور پاکستان کو میچ جتوا کر ہی فاتحانہ انداز میں پویلین لوٹے۔ فخر زمان نے 144 گیندوں پر 180 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان نے 41 بولز پر 54 اسکور کیا۔

فخرزمان کی ون ڈے کرکٹ میں یہ مسلسل تیسری سنچری تھی جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف انھوں نے مسلسل دوسرا سیکڑا جڑا۔ لیفٹ ہینڈ بلے باز نے کیویز کے خلاف پہلے ون ڈے میں بھی سنچری اسکور کی تھی۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں اسکور کی گئی سنچری فخر کی ون ڈے میں یہ دسویں سنچری تھی جبکہ پاکستانی اوپنر تیز ترین 3 ہزا رنز بنانے والے ایشیائی بیٹر بھی بن گئے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ پہلے میچ میں کامیابی کے بعد حوصلے بلند ہیں، کوشش ہوگی کیویز کو جلد آؤٹ کرکے سیریز میں دوسری فتح سمیٹیں، آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے پاکستان کو پریشر میں لائیں، ٹیم میں مڈل آرڈر بلے باز جمی نیشم کی واپسی ہوئی ہے، آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آج کے میچ میں فاسٹ بولر احسان اللہ اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین آفریدی نے احسان اللہ کو ون ڈے کیپ دی۔

احسان اللہ کو پاکستان کی جانب سے 242 ویں ون ڈے کیپ دی گئی ہے۔

کیویز کے خلاف دوسرے ون ڈے کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دیا گیا ہے جبکہ عبداللہ شفیق، اسامہ میر اور احسان اللہ کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور احسان اللّٰہ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹام لیتھم، ول ینگ، چیڈ بوس، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، ہینری نکولس، جیمز نیشم، رچن رویندرا، ہینری شپلی، اِش سوڈھی اور میٹ ہنری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، گرین شرٹس کو 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

سیریز کے آخری 3 ون ڈے میچز 3، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

rawalpindi

cricket

babar azam

TOSS

odi series

PAKvsNZ