Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جلاؤ گھیراؤ، پولیس تشدد کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

عدالت کی مسرت چیمہ اور فرخ حبیب کو آج ہی شامل تفتیش ہونے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 27 اپريل 2023 11:02am
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس تشدد سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 6 مئی تک توسیع کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر تشدد کے مقدمے میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کا مقدمہ: فرخ حبیب اور اسد عمر کی عبوری ضمانت مسترد

یاسمین راشد، اسد عمر، عمیر نیازی، مسرت چیمہ، فرخ حبیب نے حاضری مکمل کرائی جبکہ جے آئی ٹی کے سربراہ آفتاب پھلروان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

جج انسداد دہشت گردی عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیش میں کیا پراگرس ہے؟ جس پر پولیس نے بتایا کہ ابھی تفتیش جاری ہے لیکن فرخ حبیب اور مسرت جمشید چیمہ ابھی شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

پولیس کے مطابق حسان نیازی اور زبیر نیازی شامل تفتیش ہوئے لیکن انہوں نے بیان نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، پولیس پرحملے کے الزام میں 198 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار

عدالت نے فرخ حبیب سے استفسار کیا کیوں آپ شامل تفتیش نہیں ہوئے؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ بیان داخل کرا دیا ہے۔

مسرت چیمہ کے وکیل نے نشاندہی کی کہ جے آئی ٹی کو چیلنج کیا ہوا ہے ، اگر جے آئی ٹی ہی ختم ہو جاتی ہے تو اس کا کیا فائدہ ہے۔

جج عبہر گل نے کہا کہ اگر جے آئی ٹی ختم بھی ہو جاتی ہے تو بیان تو ریکارڈ کرانا ہے۔

مزید پڑھیں: جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع

عدالت نے باور کرایا کہ اپنا ہی نقصان کر رہے ہیں، جس پر وکیل نے استدعا کی کہ پنجاب میں انتخابات کی وجہ سے 14 مئی کے بعد کی تاریخ دے دیں۔

عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کے لئے وقت دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر زبیر نیازی تفتیش میں شامل نہیں ہوتے تو پھر قصور لکھ دیں۔

عدالت نے اسلم اقبال کے پیش نہ ہونے پر ان کی حد کارروائی کچھ دیر تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے اسد عمر، فرخ حبیب اور دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 6 مئی تک توسیع کرتے ہوئے کہا کہ 6 مئی کو کیس سن کے فیصلہ کریں گے۔

عدالت نے مسرت چیمہ اور فرخ حبیب کو آج ہی شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی ۔

Farrukh Habib

ATC

lahore

Asad Umer

pti leaders

Musarrat Jamshed Cheema

umair niazi

politics april 27 0223