جنگ زدہ سوڈان میں پھنسے 37 پاکستانی سعودی عرب پہنچ گئے
سوڈان میں پھنسے 37 پاکستانی سعودی بحری جہاز کے ذریعے جدہ پہنچ گئے ہیں۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنگ زدہ سوڈان میں پاکستانی شہریوں کے انخلا کا منصوبہ جاری ہے، اور سعودی بحری جہاز 37 پاکستانی شہریوں کو لے کر پورٹ سوڈان سے جدہ پہنچ گیا ہے۔
دفترخارجہ کے مطابق جدہ پورٹ پہنچنے پر جدہ میں موجود پاکستانی قونصل جنرل خالد ماجد نے شہریوں کا استقبال کیا۔
پاکستانی دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ہم سعودی حکومت کے تعاون اور مہمان نوازی کے لئے ان کے مشکور ہیں۔
دوسری جانب سعودی دفترخارجہ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے میں بتایا گیا ہے کہ قیادت کی ہدایت پر سعودی عرب کی طرف سے سوڈان سے مختلف ممالک کے شہریوں کے انخلا کی کوششیں جاری ہیں۔
سعودی دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے کہ سوڈان سے بے دخل ہونے والے متعدد شہری سعودی بحری جہاز کے ذریعے جدہ پہنچے ہیں، ان افراد میں 13 سعودی شہری اور 1674 دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔
سعودی دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان میں پھنسے تمام غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا انتظام سعودی فرمان روا محمد بن سلمان کی ہدایت پر کیا جارہا ہے، اور اب تک سوڈان سے مجموعی طور پر 2 ہزار 148 افراد کو بحفاظت نکالا جاچکا ہے، ان میں سے 114 افراد کا تعلق سعودی عرب اور 2 ہزار 34 افراد کا تعلق دنیا کے دیگر 62 ممالک سے ہے۔
Comments are closed on this story.