Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ، ائیرپورٹس پر حفظتی انتظامات کی ہدایت

وزارت صحت نے ائیرپورٹس کو ضروری ہدایات جاری کردیں۔
اپ ڈیٹ 25 اپريل 2023 10:42pm

پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا، گزشتہ روز قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے سعودی عرب سے بے دخل شخص میں منکی پاکس کی تصدیق کی تھی۔

ترجمان وزرت صحت کے مطابق کیس رپورٹ ہونے کے بعد تمام ایئر پورٹس پر ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد جاری ہے، بارڈر اینڈ ہیلتھ سروسز صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ تمام ضروری اقدامات کی ایئرپورٹ پر ہدایت کر دی ہے، بیماریوں سے بچاؤ کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا ہوا ہے۔

ہدایت کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ مریضوں کی اسکرینگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، ائیر ٹریفک کنٹرولر طیاروں کی آمد سے متعلق محکمہ صحت کو بروقت اطلاع کریں گے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں موجود مشتبہ مریض کی نشاہندی کی جائے۔ مریض کو باقی مسافروں کے ہمراہ روٹین کے ڈپارچر کرانے کی بجائے ایمبولینس کے زریعے نکالا جائے۔

ہدایت کی گئی ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرے۔ متاثرہ مریض کی امیگریشن ائیر لائن اسٹاف کروائے گا۔ مریض کے سفری دستاویزات باقاعدہ لفافہ میں بند کرکے لائے جائیں۔ ائیر لائن اسٹاف ماسک اور گلوز کا استعمال کرے گا۔

ائیرپورٹ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وائرس کے خطرے کے پیش نظر ائیرپورٹس پر پرٹوکول سروس فوری طور پر بند کی جائے۔ ائیرپورٹ پر موجود تمام متعلقہ اداروں کے ملازمین کو اس حوالے سے اگاہ کریں۔ سی اے اے اور ائیرپورٹ سیکورٹی فورس نئے ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

نوٹفکیشن کے مطابق وہیل چیر مسافروں کو سروس دینے والے ملازمین ہدایت نامہ کے مطابق حفاظتی اقدامات کریں۔ بیگج ہینڈلنگ اسٹاف سامان منتقلی کے دوران حفاظتی گائیڈ لائینز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ محکمہ ہیلتھ اہلکار مسافروں کے سامان کو جراثیم کش اسپرے کریں۔ محکمہ صحت کے ملازمین مسافروں سے پرہیز کریں۔ اہلکار حفاظتی پی پی ای کٹس لازمی استعمال کریں۔

نوٹفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خاص طور پر عمرہ زائرین کو ایک ایک کر کے چیک کیا جائے۔ محکمہ ہیلتھ ٹیم مسافروں کے بیرونی حصوں پر وائرس کی علامات کا معائنہ کریں۔ متعلقہ ادارے ائیرپورٹ پر معمول کے آپریشن یقینی بنائیں، رش پیدا نہ ہونے دیں، سامان ٹرالیوں کو باقاعدہ جراثیم کش اسپرے سے سینٹائز کیا جائے۔ فرنٹ ڈیسک عملہ ہر فلائٹ کے بعد صابن سے ہاتھ دھوئے اور کاؤنٹرز سینٹائز کریں۔ ائیرپورٹ لفٹ اور بھیڑ والی جہگوں پر اسپرے کروایا جائے۔ سی اے اے ائیرپورٹس پر حفاظتی سامان کی دستیابی یقینی بنائیں۔

دوسری جانب منکی پاکس کیسزکے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے تمام اسپتالوں کو ہائی الرٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کے اسپتالوں میں منکی پاکس کیلئے 24 گھنٹے میں آئیسولیشن ایریاز اور وارڈ بنانے کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔

پاکستان

Monkey Pox