Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت کا انتخاب کے انعقاد سے انکار دستور پر حملہ ہے، عمران خان

آئین کا قتل روکنے کے لئے ہم میدانِ عمل میں ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین
شائع 24 اپريل 2023 10:26pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اے ایف پی
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اے ایف پی

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کیجانب سے انتخاب کے انعقاد سے انکار دستور پر حملہ ہے۔

لاہور میں صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخاب کے انعقاد سے انکار دستور پر حملہ ہے، اپنے مفادات کے لئے آئین سے انحراف کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قیام کا مقصد ہی ملک میں عدل و انصاف کا قیام ہے، آئین کا قتل روکنے کے لئے ہم میدانِ عمل میں ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون سے بالاتر طبقہ ملک میں فسطائیت و وحشت کی تاریخ رقم کررہا ہے، چوروں کو قبول کروانے کے لئے قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،بےگناہ نوجوانوں کے اغواء اور ان پر عقوبت و تشدد کا سفاک سلسلہ جاری ہے۔

الیکشن پر پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ انتخاب میری یا تحریک انصاف کی نہیں، ملک و قوم کی ضرورت ہے، آئین الیکشن میں 90 روز سے تجاوز کی اجازت نہیں دیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ خصوصاً سپریم کورٹ قوم کی امیدوں کا واحد مرکز ہے، ہر کارکن اور قوم آئین کی بالادستی کے لئے عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے۔

صوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اندرون سندھ بہت زیادہ غربت ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت کا پیسہ لانچز میں دبئی چلاجاتا ہے، البتہ ہم کوشش کریں گے ان علاقوں میں پیسہ خرچ کریں جو پیچھے رہ گئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میری جدوجہد کو کل 27 سال ہوجائیں گے، طاقتور انصاف آنے نہیں دیتا، ایک بار انصاف قائم کردیں تو معاشرہ آزاد ہوجاتا ہے۔

pti

imran khan

Elections

Politics April 24 2023