Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

قطر میں بھارتی بحریہ کے سابق 8 اہلکاروں کیخلاف جاسوسی کے الزام میں مقدمے کا آغاز

سابق اہلکاروں کیخلاف عائد کی گئی فرد جرم کی تفصیلات ہم سے شیئر نہیں کی گئیں، بھارتی وزارت خارجہ
شائع 22 اپريل 2023 06:18pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

قطری حکومت نے ایک دفاعی کمپنی میں ملازمت کرنے والے بھارتی بحریہ کے سابق 8 اہلکاروں پر جاسوسی کے الزامات کے تحت مقدمے کا آغاز کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق ترجمان بھارتی وزارت خارجہ ارندم باگچی نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے کی پہلی سماعت 29 مارچ کو ہوئی تھی اور آئندہ سماعت تین مئی کو ہے۔

ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر نے بھارتی شہریوں کے خلاف عائد کی گئی فرد جرم کی تفصیلات ہم سے شیئر نہیں کی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بحریہ کے سابق اہلکاروں پر اطالوی ساختہ جدید ترین آبدوزیں خریدنے سے متعلق قطر کے خفیہ پروگرام کی تفصیلات ایک ملک کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔

بھارتی بحریہ کے سابق اہلکار قطری دارالحکومت دوحہ میں ایک نجی دفاعی کمپنی کے لیے کام کرتے تھے جو قطری بحریہ کے عملے کو مختلف نوعیت کی تربیت فراہم کرتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق قطر کی خفیہ ایجنسی قطر اسٹیٹ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس نے خفیہ طریقے سے الیکٹرانک رابطے کے کچھ پیغامات پکڑے ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سابق اہلکار آبدوزوں کے پروگرام کی جاسوسی کر رہے تھے۔

بی بی سی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی بحریہ کے گرفتار سابق اہلکاروں میں سابق کمانڈر پورنیندو تیواری، بیریندر کمار ورما، امیت ناگپال، سوگوناکر پاکالا، نوتیج سنگھ گل، سورب وشسٹ، سنجیو گپتا اور راجیش گوپا کمار شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق گرفتار بھارتی اہلکاروں کو گذشتہ برس کے 30 اگست کو حراست میں لیا گیا تھا اور ستمبر سے یہ تمام اہلکار جیل میں قید ہیں۔

qatar

BBC

Indian Navy

spies