Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

روس کی جانب سے رعایتی تیل کا پہلا کارگو مئی میں پاکستان پہنچے گا، مصدق ملک

پاکستان کو صرف روسی خام تیل ملے گا، ریفائنڈ تیل نہیں ملے گا، وزیر مملکت
شائع 20 اپريل 2023 03:25pm

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان نے روس سے رعایتی تیل کا پہلا آرڈر جاری کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، پاکستان کو صرف روسی خام تیل ملے گا، ریفائنڈ تیل نہیں ملے گا۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا روس کی جانب سے رعایتی تیل کا پہلا کارگو مئی میں پاکستان پہنچے گا، روس کے ساتھ ٹرانسپورٹیشن اور انشورنس کے تمام معاملات طے ہوچکے ہیں، لیکن تیل خریدنے کے لیے ڈسکاؤنٹ ریٹ ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔

مصدق ملک نے کہا کہ روس سے حاصل خام تیل پاکستان ریفائنری لمیٹڈ میں ریفائن ہوگا، پاکستان کا یومیہ ایک لاکھ بیرل روسی تیل درآمد کرنے کا منصوبہ ہے۔

واضح رہے کہ روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف نے جنوری میں ایک وفد کی قیادت میں اس معاہدے پر بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کو روسی تیل کی برآمد مارچ کے بعد شروع ہو سکتی ہے۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ پاکستان رعایتی نرخوں پر روس سے تیل خریدنے پر غور کر رہا ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ پڑوسی ملک بھارت بھی روس سے تیل خرید رہا ہے لہذا پاکستان کو بھی اس موقع سے استفادہ کرنے کا حق حاصل ہے۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک تیل اور گیس کی سپلائی سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کے لیے ماسکو گئے تھے جس کے بعد حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ روس سے خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی رعایتی نرخوں پر خریداری کرے گی۔

Petroleum products

Russian oil

Russian Petrol