عید کے بعد مذاکرات کے معاملے پر مثبت پیشرفت ہوگی، بلاول بھٹو
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے عید الفطر کے بعد ملک میں ایک ہی وقت الیکشن اور اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر مثبت پیشرفت ہوگی۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ’الحمدللہ آج مولانا فضل الرحمان سے تفصیلی گفتگو ہوئی، میں پر امید ہوں کہ عید کے بعد پارٹی سربراہان کے اجلاس میں مثبت پیشرفت ہو گی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ملک میں ایک ہی وقت انتخابات کرانے کے معاملات اور اپوزیشن کے ساتھ مذکرات کے طریقہ کار کو اس وقت تک حتمی شکل دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رکن قومی اسمبلی مفتی عبدالشکور کے انتقال پر تعزیت کرنے کے لئے گئے تھے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حکومتی جماعتوں کے اجلاس میں جے یو آئی نے اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کے معاملے پر آمادگی ظاہر نہیں کی تھی۔
Comments are closed on this story.