عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سننے والے جج کا تبادلہ
اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سننے والے جج کا تبادلہ کر دیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کر رہے تھے، جنہیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کی ہدایت پر رجسٹرار ہائی کورٹ نے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈشنل سیشن جج ظفر اقبال کا تبادلہ ویسٹ کورٹ سے ایسٹ کورٹ میں کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر اسلام آباد کی مقامی عدالت کے 8 ایڈیشنل سیشن ججز کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں ویسٹ میں موجود چار ججز کا تبادلہ ایسٹ اور تین ایسٹ میں موجود ججز کا تبادلہ ویسٹ میں کیا گیا ہے، ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد، سید فیضان حیدر، فرخ فرید اور ظفر اقبال کا تبادلہ ویسٹ سے ایسٹ میں کیا گیا۔
اس کے علاوہ ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفور کاکڑ، محمد سہیل اور اویس محمد خان کا تبادلہ ایسٹ سے ویسٹ میں کیا جب کہ سیشن جج ہمایوں دلاور سے جی بی وی اور اینٹی ریپ کورٹ کا چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.