Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

مریم اورنگزیب کی پی ٹی آئی کی مزید آڈیوز سامنے آنے کی پیشگوئی

ٹکٹ فروخت ہونے کے بعد کی بھی آڈیو آنا باقی ہے، مریم اورنگزیب
شائع 19 اپريل 2023 04:56pm

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کو عدالت جانے کیلئے منہ چھپانا پڑتا ہے، ٹکٹ فروخت ہونے کے بعد کی بھی آڈیو آنا باقی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 4 سال ملک پر ایک غیر آئینی ٹولہ مسلط رہا، تحریک انصاف نے ملک کی خارجہ پالیسی کونقصان پہنچایا، عمران خان کی چوری اورکرپشن سے ملک کو نقصان پہنچا، اور اس کی ناقص پالیسیوں سے ملک میں مہنگائی ہوئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، اور ترقی کرتی ہوئی معیشت کا پہیہ روک دیا، اس کے دور میں 60 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے، اور 2 کروڑ خط غربت سے نیچے چلے گئے، اب عمران خان کو عدالت جانے کیلئے منہ چھپانا پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، اتحادی حکومت نے بی آئی ایس پی کے فنڈز کو بڑھا کر 400 ارب کیا، اور 1800 ارب کا تاریخ کسان پیکج دیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا، ان کے دور میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کاخاتمہ ہوا، جب کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی، اور اس کے دور میں ملکی تاریخ کا ریکارڈ قرض لیا گیا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان آج عدالت میں منہ پر بالٹی ڈال کر اپنے اعمال کی وجہ سے جاتا ہے، 4 سال کی مہنگائی کے ذمہ دار کو کچھ لوگ کنستر اور کچھ بالٹی کہہ رہے ہیں، عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا ہوگا تو کوئی عوام کو منہ نہیں دکھا سکتا، آپ کی شکل بالٹی سے چھپ تو سکتی ہے لیکن آپ کی چوری اور کرپشن کسی بالٹی سے نہیں چھپ سکتی۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ شرم کی بات ہے کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ 1 کروڑ میں بک رہا ہے، ٹکٹ فروخت ہونے کے بعد کی بھی آڈیو آنا باقی ہے، پیسہ کس کے اکاؤنٹ میں جائے گا وہ بھی آڈیو آنا باقی ہے۔

imran khan

Maryam Aurangzeb

Politics April 19 2023