طورخم لینڈ سلائیڈنگ میں ٹرکوں کی تباہی کے مناظر، 3 ہلاک 5 زخمی
طورخم میں مال بردار گاڑیوں پر پہاڑی تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعدادتین ہوگئی ہے جبکہ 5پانچ زخمی بھی ہسپتال پہنچا دئیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خیبر عبدالناصر خان کے مطابق طورخم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودے کے ملبے تلے دبنے والی تین لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق آج دوپہر دو بجے مال بردار گاڑیوں پر ایک پہاڑی تودہ گرا تھا۔ جس کے نیچے 20 سے 30 کارگو گاڑیاں اور کنٹینرز دب گئے تھے، جبکہ پانچ کنٹینرز میں آگ لگ گئی۔
منگل کی دوپہر شروع ہونے والا پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، 1122 اور سول انتظامیہ کی مشترکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، ملبہ ہٹانے کے لئے بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک نقصانات کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ ڈپٹی کمشنر خیبر عبدالناصر خان کے مطابق پہاڑی تودہ گرتے وقت گاڑیوں میں عملہ بھی موجود تھا جس کی وجہ سے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو لنڈی کوتل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.