Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

عید کی چھٹیاں منانے گھر جانے والے 6 پولیس اہلکار جاں بحق

واقعہ کار اور ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، لیویز
شائع 16 اپريل 2023 02:53pm

وڈھ کے قریب ہونے والے ٹریفک حادثے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بلوچستان کے ضلع خضدار کےعلاقے وڈھ کے مقام پر ٹریفک حادثے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے، اہلکار عید کی چھٹیاں منانے اپنے آبائی علاقوں میں جارہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

لیویز ترجمان کے مطابق حادثہ تحصیل وڈھ کے قریب لیویز شہداء چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا، جہاں کار اور ٹرک میں تصادم ہوا، اور کار میں سوار 6 پولیس اہلکار شہید اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

حکام لیویز کے مطابق پولیس اہلکار کوئٹہ میں ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد بیلہ جارہے تھے کہ بدقسمتی سے ان کی کار حادثے کا شکار ہوگئی، تمام اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے، جب کہ کار کا ڈرائیور شدید زخمی ہوا، جسے تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

شہید ہونے والے اہلکار لوئر کورسز کیلئے کوئٹہ گئے تھے جو عید کی چھٹی پر واپس لسبیلہ جارہے تھے، 5 پولیس اہلکاروں کا تعلق بیلہ اور ایک کا حب سے تھا، شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں محمد سلیم، دھنی بخش، عبدالجبار، طلحہٰ اورعبدالمجید شامل ہیں۔ تمام کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں۔

Road Accident

Balochistan Police