اگر سپریم کورٹ بیٹھ گئی تو ملک میں جمہوریت ختم ہو جائے گی، عمران خان
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ جمہوریت کو بچا رہی ہے، اگر عدالت عظمیٰ بیٹھ گئی تو جمہوریت ختم ہو جائے گی۔
ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنان سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ایک سال سے ملک سے کھیل کھیلا جا رہا ہے، یہ صرف اپنی چوری بچانے کے لیے نظام تباہ کر رہے ہیں، انہیں ڈر ہے کہ ان کے کیسز کھل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ایک ایک کرکے اداروں کو کمزور کیا، نیب پر یہ اپنا چیئرمین لے کر آئے، اس نے بھی ہاتھ کھڑے کردیئے، نیب کا کام اپوزیشن کو دبانا رہ گیا ہے، ایف آئی اے نے ان کے کیسز ختم کر کے ہمارے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کیئرٹیکر کا مقصد تھا کہ نیوٹرل امپائر شفاف الیکشن کرائیں گے، انہوں نے ن لیگ کا ایک کارکن بھی نہیں پکڑا لیکن ہمارے تین ہزار لوگوں کو پکڑا گیا، یہ سب کچھ چوروں کی کرپشن بچانے کے لیے ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے عمران خان پر کانٹا ڈالا ہوا ہے، ان سب کا ایک مقصد ہے کہ عمران خان کو نہیں آنے دینا، مجھے پتہ ہے مجھے کون مروانا چاہتا ہے، وکیلوں سے کہا کہ اگر میں نے کچھ کیا ہے توگرفتاری کے لیے تیار ہوں، سب نے کہا کہ گرفتار نہیں ہونے دیں گے ورنہ یہ آپ کو قتل کردیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری جمہوریت دھاگے سے لٹک رہی ہے، میرے گھر پر حملہ مرتضی بھٹو ٹائپ قتل کی سازش تھی، جوڈیشل کمپلیس میں وکیلوں کے کپڑوں میں نامعلوم افراد تھے، انہوں نے شبلی فراز کو مارا، عمر سلطان کی ناک توڑ دی۔
احتجاج کی کال پر ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کا ہمیں جیلوں میں ڈال کر الیکشن کرانے کا پلان ہے، شاہد حسین لندن سے اپنا کام چھوڑ کر آئے، وہ جاسوسی کے آلات کی تحقیقات کررہے تھے، انہیں اٹھا لیا، یہ جسے پکڑتے ہیں اسے پیسے آفر کرتے ہیں، یہ سمجھ رہے ہیں ہم چپ کر کے بیٹھے رہیں گے، لہٰذا میں ساری قوم اور پارٹی کو کال دے رہا ہوں کہ عید کے بعد پرامن احتجاج کی تیاری کرنی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے یہ زمان پارک پر ایک اور واردات کرنا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں الیکشن کروانے ہی ہیں تو پی ٹی آئی کو دبا کر کرائیں، ہم نے ظلم کو بھیڑ بکریوں کو طرح برداشت نہیں کرنا اور ہم این آر او کے چوروں کو قبول نہیں کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ معیشت الیکشن ہونے تک ٹھیک ہوہی نہیں سکتی، جس طرح نفرتیں پھیل رہی ہیں، پاکستان میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، ہماری جمہوریت کو سپریم کورٹ ہی بچا رہی ہے، عدالت عظمیٰ بیٹھ گئی تو جمہوریت ختم ہو جائے گی، ساری قوم آئین اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہو اور اگر یہ اسی طرح چلتا رہا تو ہم سب کو نکلنا پڑے گا۔
Comments are closed on this story.