Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسپیکر قومی اسمبلی کا الزامات پر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کا عندیہ

فواد چوہدری ثبوت دیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہوگی، اسپیکر آفس
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2023 01:39pm

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے الزامات کو مسترد کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بیان دیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف قومی اسمبلی کی قرارداد پر 8 ارکان کے دستخط جعلی ہیں، تاہم اسپیکر قومی اسمبلی آفس نے فواد چوہدری کے بیان کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ اور ترجمان اسپیکرکا کہنا ہے کہ فواد چوہدری دستخطوں کو جعلی ثابت کریں ورنہ ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ سے متعلق قرارداد پر ایوان کے اندر ہی اراکین سے دستخط کروائے گئے، جو اسمبلی عملے اور اراکین کی موجودگی میں ہوئے، دستخط جعلی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اسپیکر آفس کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری جعلی دستخط کو ریکارڈ سے ثابت کریں اور اسپیکر اور سیکرٹری قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرائیں، ورنہ ان کے خلاف قومی اسمبلی کارروائی کرے گی۔

ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایک سابق ایم این اے کو قرارداد کی منظوری اور دستخط کے طریقہ کا اچھی طرح پتہ ہے، فواد چوہدری سیاسی مقاصد کے لیے اس طرح کی بے پر کی اڑا رہے ہیں۔

pti

اسلام آباد

Fawad Chaudhary

Raja Pervez Ashraf

speaker kpk assembly

allegations

Politics April 12 2023