Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی گئی، الیکشن کمیشن کو فنڈز نہیں ملے، شیخ رشید

حکومت نے دوسری بار سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، فیصل جاوید
شائع 11 اپريل 2023 11:43am
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی گئی، الیکشن کمیشن کو فنڈز نہیں ملے، فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ حکومت توہینِ عدالت کی مرتکب ہو چکی، دوسری بار سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کمیشن کو21 ارب نہیں ملے اور فیصلے کی نفی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارے ہتھکنڈے چوروں کے ٹولے کوعوام پر مسلط رکھنے کے لئے کیے جارہے ہیں اور عوام کی امنگوں کو کچلا جارہا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ الیکشن روکنے اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھاگنے کے لئے 10 روز میں کابینہ کے ریکارڈ 10 اجلاس ہوئے ہیں، جو آئین کےساتھ آنکھ مچولی کھیلے گا اس کا انجام برا ہوگا۔

ایک اور ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کو ڈبیٹنگ کلب بنادیا گیا ہے جہاں عوام کی خواہشوں اور ان کے ووٹ کے حق کا خون ہورہا ہے، عوام ووٹ کے ذریعے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئین اور قانون کو نہ تھاما گیا تو یہ نہ ہو سب ہاتھ ملتے رہ جائیں۔ آج انشاءاللہ اپنے وطن واپس آجاؤں گا۔

حکومت توہینِ عدالت کی مرتکب ہو چکی، فیصل جاوید

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت توہینِ عدالت کی مرتکب ہو چکی، دوسری بار سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، پہلی بار عدالت نے انتہائی نرمی کا مظاہرہ کرکے ایک مہلت دی۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے دنوں کے ضایع ہونے کے بعد نئی تاریخ دی مگر ایک بار پھر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی۔

pti

Sheikh Rasheed

ECP

Supreme Court of Pakistan

Faisal Javed

Awami Muslim League

Punjab KP Election Case

politics april 11 2023