دنیا کے چوٹی کے سات امیر افراد غریب ہوکر کیسے لگ رہے ہیں
مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مقبول ہوتی ٹیکنالوجی ہمارے سامنے کچھ دلچسپ پہلو بھی لارہی ہے خصوصا ’آئی اے ’ کی مدد سے بنائی جانے والی تصاویر کے آئیڈیاز خاصے حیران کُن ہیں۔
حال ہی میں پاکستان میں قدیم تہذیب موئن جودڑو کے باسیوں کی تصاویربنائی گئیں تو اب بھارت سے بھی ایک انوکھا آئیڈیا سامنے آیا ہے، گوکل پلائی نامی ماہر آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے اپنے خیالات کو زبان دیتے ہوئے دنیا کے چوٹی کے امیروں کو غریب بناڈالا ہے۔
گوکُل پلائی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی جانے والی تصاویرشیئرکی ہیں جس کاکیپشن بھی انتہائی دلچسپ ہے۔
ان تصاویر میں دنیا کے جانے مانے ارب پتیوں کو ممبئی کی کچی آبادیوں میں پھٹے پُرانے کپڑے پہنے دیکھا جاسکتا ہے اور بنیادی خیال یہی ہے کہ یہ امراء اگر غریب غرباء ہوتے تو کیسے دکھتے۔
گوکُل نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا، ’سلم ڈاگ ملینیئر‘۔
پہلی تصویرمیں سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ جھونپڑ پٹی میں بنیان زیب تن کیے کھڑے ہیں، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی جانب سے ٹرمپ کے چہرے کی مسکینیت بےساختہ آپ کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیردے گی۔
دوسری تصویرمیں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس صرف ایک دھوتی میں ملبوس اپنی ’سگنیچر‘ مسکراہٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پھرباری آتی ہے بھارت کے سب سے امیرترین کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی جن کی بزنس ایمپائرمیں اسٹیل ملزبھی شامل ہیں لیکن آئی اے کی مہربانی سے یہاں وہ خود ریڑھی کے منتظردکھائی دیتے ہیں تا کہ گلی محلوں میں گھوم کر کباڑ اکٹھا کرسکیں۔
اس انجمن غریباں میں چوتھا نمبرہے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا جو میلی کچیلی ٹی شرٹ میں امی کی ڈانٹ سے خوفزدہ ایک ایسا بچہ لگ رہے ہیں جسے اپنے کپڑے اتنے گندے کردینے پر ’پھینٹی‘ کا خوف لاحق ہو۔
امریکی ارب پتی بزنس وارن بفیٹ بھی گندی شرٹ پینٹ میں خاصے مرنجاں مرنجاں قسم کے بزرگوار دکھائی دے رہے ہیں لیکن دونوں جیبوں میں ہاتھ ڈال کر اسٹائل یہاں بھی امیروں والا ہی اپنا رکھا ہے۔
نمبر 6 پرایمیزون کے مالک جیف بیزوز بنیان اورٹراؤزرپہنے کچی آبادی کی شان میں اضافہ کررہے ہیں۔
ساتواں اور آخری نمبر ہے ٹوئٹرکے نئے مالک، خلائی کمپنی سپیس ایکس اور معروف آٹو کپمنی ٹیسلا کےمالک ایلون مسک کا جو پان کی پیک والی شرٹ پہنے اپنی مشہور زمانہ مسکراہٹ کے ساتھ موجود ہیں اور اس غربت کے عالم میں بھی چہرے کے تاثرات سے ’مزید پیسہ‘ بنانے کا منصوبہ سوچتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ان دلچسپ تصاویرپرانسٹا صارفین کے تبصرے بھی کمال کے ہیں۔ ۔
Comments are closed on this story.