Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور

عدالت نے ڈائری نمبر لگا کر کل کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی
شائع 11 اپريل 2023 10:34am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھانہ رمنا میں درج بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے ڈائری نمبر لگا کر کل کیس سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے عسکری اداروں کے افسران کے خلاف تقاریر پر عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔

وکیل فیصل چوہدری نے رجسٹرار آفس کے دونوں اعتراضات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک اعتراض ہے کہ اخراج مقدمہ سے قبل ضمانت کیوں نہیں کروائی ، دوسرا اعتراض عمران خان کے پاور آف اٹارنی سے متعلق ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ مقدمہ خارج کرنے کی درخواست سنی۔

عدالت نے دونوں اعتراضات جوڈیشل سائیڈ پر دور کر کے درخواست کو بدھ کے روز سماعت کے لئے مقرر کر دیا ۔

عمران خان کی لاہور میں تقاریر پر اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں 6 اپریل کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت کو رجسٹرار آفس کے دونوں اعتراضات سے آگاہ کیا۔

عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمران خان کے خلاف سیاسی مخالفین کی ایماء پر جعلی مقدمات بنائے جارہے ہیں، سیاسی مخالفین کا مقدمات بنوانے کا مقصد عمران خان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کرپشن کا کیس نہ ملا تو ساکھ کو نقصان پہنچانے اور بلیک میل کرنے کے لیے ایسے مقدمات بنائے جا رہے، ایف آئی آر کے الزامات کو سچ بھی مان لیا جائے تو لاہور میں تقریر پر اسلام آباد میں کیسے مقدمہ درج کیا گیا؟۔

pti

imran khan

Islamabad High Court

justice aamir Farooq

politics april 11 2023