Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی امین گنڈا پورایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

عدالت کا علی امین گنڈا پورکو کل انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم
اپ ڈیٹ 09 اپريل 2023 12:38pm
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی امین گنڈا پور کو ایک روز جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

بغاوت پراکسانے و دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات میں علی امین گنڈا پور کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پراسیکیوٹر کی جانب سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

پراسیکیوٹرعدنان کی جانب سے ایف آئی آر پڑھ کر سنائی اور کہا کہ تمام دفعات ناقابل ضمانت ہیں علی امین نے پولیس کو دھمکایا کہ وہ اپنا کام نہ کریں 22 ای میں کم سے کم 15دن تک ریمانڈ لیا جاسکتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ آپ نے تو5 دن کا ریمانڈ مانگا ہے، تو پراسیکیوٹرعدنان کی جانب سےعدالت میں مختلف کیسز کے حوالے دیئے گئے۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں تاریخ وقوعہ دیکھیں 2022 کا ہے ایک مجسٹریٹ ہیں جس نے مقدمہ درج کروایا ہے، مجسٹریٹ خود ریمانڈ دیتے ہیں اورجوڈیشل کام سرانجام دیتے ہیں۔

وکیل بابراعوان نے کہا کہ پولیس والا جو دھمکی سے ڈرا، اس نے بھی مقدمہ نہیں دیا اس سے قبل عدالتوں کے ججوں کی گفتگو لیک ہوئی ہزاروں آڈیو لیکس ہوئی کتنے مقدمے ہوئے ایک حاضرسروس جج کی آڈیولیک ہوئی کیا مقدمہ درج ہوا؟ یہ اسلام آباد کا پانچواں مجسٹریٹ ہے جس نے کوئی مقدمہ دیا۔

بابراعوان نے علی امین گنڈاپور کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ 16ایم پی او اس مقدمے میں لگائی گئی ہے چیف سیکرٹری نے ایم پی او لگایا لاہور ہائیکورٹ نے روک دیا، کس پولیس کے پاس اختیارہے کہ 16ایم پی اولگا سکیں۔

بابراعوان نے کہا کہ 24گھنٹے سےعلی امین پولیس کے پاس ہے کیا تفتیش کی گئی؟ پولیس کے مطابق اسلام آباد پر قبضہ ہوگیا اگر ریمانڈ دینا ہے تو 24 گھنٹے کا دیا جائے۔

علی امین گنڈاپورکے وکیل راجہ ظہور کی جانب سے میڈیکل کرانے کی درخواست کی گئی۔

پراسیکوٹرعدنان نےکہا کہ اس عدالت کے پاس کیس خارج کرنے کے اختیار نہیں اور ساتھ ہی انہوں نے ہائیکورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔

دلائل سننے کے بعد ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے علی امین گنڈا پور کو ایک روز جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا اور ملزم کو کل انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

اسلام آباد

Ali Amin Gandapur