Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کیخلاف 121 مقدمات کا اخراج: مقدمات کی مصدقہ نقول فراہم کرنے کی ہدایت

عدالت نے مصدقہ نقول کی فراہمی کےلئے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا
شائع 05 اپريل 2023 11:33am

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف 121 مقدمات کے اخراج کے لئے درخواست میں مقدمات کی مصدقہ نقول فراہم کرنے سمیت دیگر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ نے اعتراضی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ مقدمات کی مصدقہ نقول کی فراہمی بڑا مسئلہ نہیں ہے، عمران خان کے خلاف سیاسی دباؤ پر 121جھوٹے مقدمات درج کر دیے گئے ہیں، عمران خان پردہشت گردی اور قتل کےمقدمات سیاسی جد و جہد سے باز رہنے کے لئے درج کیے گئے، آئین پاکستان ہر شہری کو سیاسی اور جمہوری جدوجہد کی آزادی دیتا ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب میں بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات درج 13مقدمات کو فوری خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے مصدقہ نقول کی فراہمی کے لئے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ رجسٹرار آفس کے اعتراض کو دور کرنے کے لئے مناسب وقت دیا جا رہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے دفتری اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

pti

imran khan

Lahore High Court

politics April 5 2023