Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ کے فیصلے پر ن لیگ اور تحریک انصاف کا رد عمل

فیصلے پر ایک طرف خوشی اور ایک طرف اظہار افسوس کا سلسلہ جاری
شائع 04 اپريل 2023 02:17pm

سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے اور پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔

ایک جانب عدالتی فیصلے کو آئین کی بالادستی قرار دے کر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے، اور دوسری جانب عدالتی فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اظہار افسوس کیا جارہا ہے۔

وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ کی اسلام آباد میں نیوز کانفرنس

سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ کا کہنا تھا کہ 3 رکنی بینچ کے فیصلے پر دکھ کا اظہار کرتا ہوں، ملک میں سیاسی اور آئینی بحران سنگین ہو رہا ہے، سپریم کورٹ نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے پرغور نہیں کیا۔

وزیرقانون کا کہنا تھا کہ از خود نوٹس چار تین سے خارج ہوا تھا، اہم معاملے کے حل کیلئے فل کورٹ کا مطالبہ کیا تھا، آج انتخابی تاریخ کے فیصلے کے ساتھ ہی ایک اور بینچ بنا دیا گیا، عدالت نے سرکلر یا ایگزیکٹو آرڈر کے بجائے 6 رکنی بینچ تشکیل دیا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یکم مارچ کو جب فیصلہ آیا تو ہمارا مؤقف تھا کہ یہ چار، تین سے فارغ ہوا ہے، جب چاروں ججز نے اپنے فیصلے میں پیٹیشنز خارج کر دیں تھیں تو ہر چیز واضح ہوگئی تھی، جو کل وزیراعظم نے پارلیمان سے بات کی تھی وہ درست تھی، جب نو میں سے تین ججز فیصلہ دیں گے تو ابہام رہے گا، اس ابہام کو دور کرنے کے کے لئے فل کورٹ کو بیٹھنا چاہئیے تھا، یمارا مطالبہ فل کورٹ میٹنگ بلائی جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی اٹارنی جنرل نے مشورہ دیا تھا کہ 9 میں سے باقی ماندہ 6 ججز کا ایک بینچ بنا دیا جائے، اگر جسٹس فائز عیسی نے کچھ مقدمات کو سماعت سے روکا تھا تو پھر 6 رکنی بنچ عدالت کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ اپنے گھر کو ٹھیک کریں ، آپ 13 رکنی بنچ بٹھائیں جو ان معاملات کو دیکھے۔

فیصلے پر پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کی پریس کانفرنس

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ نے پنجاب الیکشن سے متعلق فیصلہ سنادیا، عدالت نے آئینی فیصلہ سنایا ہے، آج پھر آئین کی بالادستی ثابت ہوگئی ہے۔

بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اکتوبر میں الیکشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا، اور انتخابات اب 14مئی کو ہوں گے، میری نظرمیں اس سے واضح فیصلہ نہیں ہوسکتا۔

وکیل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن سے تعاون نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، عدالتی حکم کی نافرمانی کی گئی توعدالت ایکشن لے گی، الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی سمیت دیگرسہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

شاہ محمود قریشی کا بیان

فیصلے پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج عدالت عظمی نے نظریہ ضرورت کودفن کردیا، عدالت عظمی نے سازشی قوتوں کو زندہ درگور کردیا، آج نظریہ ضرورت کے پیرو کاروں کو شکست ہوئی ہے۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ حملوں کے باوجود عمران خان جھکے نہیں بلکہ ڈٹے رہے، وہ پاکستان کے ایک بار پھر وزیراعظم منتخب ہوں گے، عوام کے دلوں کی دھڑکنیں ان کے ساتھ ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پنجاب میں شفاف انتخابات کی ذمہ داری مقامی انتظامیہ کی ہے، پنجاب کی موجودہ حکومت کو اب غیر جانبدار رہنا ہے۔

فواد چوہدری کی میڈیا سے بات چیت

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول نے ملک میں مارشل لاء کی بات کی، وہ اپنے نانا کے ساتھ نہیں بلکہ آئین تورنے والوں کے ساتھ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف کی نہیں عوام کی کامیابی ہوئی ہے، عوام ان نمائندوں کومنتخب کریں گے جوحکمرانی کریں گے، پی ڈی ایم قیادت کو عوام کا فیصلہ ماننا پڑے گا۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ امید ہے کہ شہبازشریف سپریم کورٹ کے حکم پرعملدرآمد کروائیں گے، نوازشریف، زرداری اور شہبازشریف کو ملک کیلئے سوچنا چاہئے، ہم الیکشن کے فریم ورک پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی فیصل چوہدری

پی ٹی آئی رہنما اور وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ جسٹس منیب کی جانب سے نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا گیا، معزز ججز کا فیصلہ تاریخ میں لکھا جائے گا۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ آج لیگی جتھے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے جو قابل مذمت ہے، عدالتیں ہماری ریڈ لائن ہیں، جس نے اسے کراس کیا اس سے سختی سے نمٹیں گے، ہم آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہم کسی بھی غیر آئینی و غیرقانونی اقدام کا ساتھ نہیں دیں گے، الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے فنڈز دیئے جائیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ بلاول نے اپنے نانا اور والدہ کے ساتھ غداری کی ہے، عدالتی حکم نہ ماننے پر یوسف رضا گیلانی کو گھر بھیجا گیا تھا، آج والا فیصلہ نہ ماننے والوں کو بھی گھر بھیجا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید کی میڈیا سے بات

پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، ہماری اب الیکشن کی تیاری شروع ہوگئی ہے، عوام جوش وجذبے کےساتھ عمران خان کے ساتھ ہیں، اور پی ٹی آئی چیئرمین روزانہ افطاری اپنے کارکنان کے ساتھ کرتے ہیں۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ حکمران الیکشن سےبھاگ رہے تھے، اور الیکشن سے بھاگنے کی ہر ممکن کوشش کی، اور عمران خان کو راستے سے ہٹانے کیلئے مقدمات بنائے، لیکن اب ان کا میدان میں مقابلہ عمران خان سے ہوگا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنوازرانجھا کا رد عمل

لیگی رہنما محسن شاہنوازرانجھا کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ نے14مئی کوانتخاب کی تاریخ دی ہے، اور نیا الیکشن شیڈول جاری کردیا ہے، اب شفاف انتخابات کروانے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔

pti

PMLN

Supreme Court of Pakistan