Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے جو چھپایا جارہا ہے، سینیٹر محسن عزیز

بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کے خلاف سینیٹ میں قرارداد منظور کرنے پر زور
شائع 03 اپريل 2023 06:40pm

سینیٹ نے سود کے خاتمے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ پاکستانی اشیاء کی اسرائیل میں فروخت ہونے کا معاملہ بھی سینیٹ میں اٹھایا گیا۔ چئیرمین سینیٹ نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر مظالم کے خلاف قرارداد کا ڈرافٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

سینیٹ اجلاس کی صدارت چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کی جس میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے سود کے خاتمے سے متعلق قرارداد پیش کی۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث بخش پاشا نے قرارداد پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ملک کی معیشت سود فری ہو۔ حکومت سود کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔

سینیٹ نے سود کے خاتمے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

سینیٹ اجلاس میں سینیٹر پلوشہ نے بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کے خلاف سینیٹ میں قرارداد منظور کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی پنجاب میں سکھوں پر بھی ظلم کیا جا رہا ہے۔

چئیرمین نے قرارداد کا ڈرافٹ تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ اجلاس میں قرارداد منظورکرلی جائے گی۔

محسن عزیز کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی جانب سے بہت سی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں اور اب ایک خط گردش کررہا ہے جو بھارت کی جانب سے وزیراعظم کو لکھا گیا، اس کو بھی چھپایا جا رہا ہے۔ خط کی بھی ڈیڈلائنز ہیں اور کچھ ایشوز رکھے گئے ہیں اس خط پر ایوان میں وضاحت کی جائے۔

سینیٹر مشتاق کا پیش کردہ توشہ خانہ دیکھ بھال، انتظام اور انصرام بل 2023 چئیرمین نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

پاکستان انسٹیوٹ برائے تحقیق اور رجسٹریشن کوالٹی ایشورینس بل 2023 کی بھی ایوان نے منظوری دی، یہ بل سینیٹر کہدہ بابر نے پیش کیا۔

منشیات پر مبنی مواد کی روک تھام ترمیمی بل 2022 ایوان سے منظور کرلیا گیا۔

سینیٹ اجلاس منگل کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

india

پاکستان

Senate Meeting

Politics April 3 2023