عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک دے دیا، سپریم کورٹ کے وکلاء پی ٹی آئی میں شامل
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے آئین کی بالادستی اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے پارٹی رہنماوں کو سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لاہور زمان پارک میں اہم ملاقات کی۔
عمران خان نے رول آف لا اور آئین کی بالادستی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں و سول سوسائٹی سے رابطے کا ٹاسک دے دیا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے جسے روکنے کے لیے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہے، جو سیاسی جماعتیں آئین کی بالادستی کے لیے کھڑا ہونا چاہتی ہیں ان سب سے رابطہ کیا جائے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کل ہمیں ذمہ داری ملی ہے جس کے بعد اب سندھ کی سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں اور سول سوسائٹی سے بھی رابطہ کیا جائے گا، آئین کی بالادستی اور رول آف لا کے لیے پوری قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا۔
عمران خان سے وکلا کی ملاقات
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں وکلا کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان بار کونسل کے رکن چوہدری حفیظ الرحمٰان نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
سپریم کورٹ کے وکلاء کا وفد بھی تحریک انصاف میں شامل ہوا اور چیئرمین تحریک انصاف کے مؤقف کی مکمل تائید کا اعلان کیا۔ جب کہ عمران خان نے چوہدری حفیظ اورساتھیوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
Comments are closed on this story.