شہباز حکومت سپریم کورٹ از خود نوٹس کی بدولت قائم ہوئی، فواد کا نواز کے بیان پر ردعمل
سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بھائی کی حکومت سپریم کورٹ ازخود نوٹس کی بدولت ہی قائم ہوئی۔
ایک بیان میں فواد چوہدری نے نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے نواز شریف 1997 سے باہر نکلیں اورحقائق کا بہتر ادراک کر کے لب کشائی کریں، میٹھا میٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کسی سزا یافتہ مفرور کو باہر بیٹھ کر سپریم کورٹ کو بنچ کی تشکیل و مقدمات کی سماعت پر ڈکٹیشن دینے کی اجازت نہیں دے گی، البتہ نواز شریف کے بھائی کی حکومت سپریم کورٹ کے از خود نوٹس ہی کی بدولت قائم ہوئی۔
نواز شریف کی نا اہلی پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پانامہ کا انکشاف فوج اور سپریم کورٹ نے نہیں بلکہ عالمی صحافتی کنسورشیم نے کیا تھا، نواز شریف اکیلے نہیں بلکہ دنیا بھر میں اپنی قوموں کو لوٹ کر دولت جمع کرنے والوں کو سزائیں ملیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کو عدالت نے صفائی کا پورا موقع دیا، اپنی صفائی میں دستاویز پیش کرنے کی بجائے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ نے جھوٹے قطری خطوط کا سہارا لیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کواب آئین و قانون کے تحت چلنا ہے، عدلیہ کے خلاف شرمناک مہم کی مذمت کرتے ہیں، نوازشریف قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرکے قانون کا سامنا کریں، ان کے پاس یہ ہی ایک آپشن ہے اور انتخابات آئینی تقاضا ہےجس کے التواء کی کوئی کوشش قوم قبول نہیں کرے گی۔
Comments are closed on this story.