ن لیگ چیف جسٹس کو دھمکا رہی ہے قوم سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ن لیگ چیف جسٹس کو دھمکا رہی ہے، قوم آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن 1997 میں نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرنے والے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر حملےکیلئےسپریم کورٹ پر دھاوا بولا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی کی طرح ن لیگ ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکا رہی ہے، کیونکہ یہ انتخابات سے خوفزدہ ہے، میں چاہتاہوں کہ ضرورت پڑنے پر پوری قوم آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونے کو تیار ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میری وکلاء برادری سے خصوصی اپیل ہے کہ آئینِ پاکستان اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے اسی طرح آگے بڑھ کر کردار ادا کریں جیسا انہوں نے2007 کی وکلاء تحریک کے دوران کیا تھا۔
اس سے قبل ایک ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ تحریک انصاف کل کارکنان کے اغواء کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرے گی، لہٰذا ہمارے تمام لوگ نکلیں اور اس پُرامن احتجاج میں شامل ہوں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور ہر کوئی جانتا ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف فسطائیت کی اس لہر کے پیچھےکون ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اس فسطائیت کے خلاف کھڑے ہوں گے، آخری گیند تک مقابلہ کریں گے اور خود پر مسلط کئے جانے والے مجرموں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
عمران خان کی سینئر صحافیوں سے گفتگو
لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں ایک بار پھر مذاکرات کے لئے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہوں، بات چیت میں آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی۔
افواج پاکستان کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ پاکستانی فوج میری فوج ہے، پاکستان ہم سب کا ہے، مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط آرمی انتہائی ضروری ہے، ہمارے قومی ادارے اور ان کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔
الیکشن اور عدلیہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے، ملک میں جمہوریت کیلئے پی ٹی آئی آخری حد تک جائے گی، وکلا کی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔
پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریوں کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ اظہر مشوانی سمیت ہمارے ہزاروں ساتھیوں کو اٹھایا گیا۔
Comments are closed on this story.