Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل میں جوا کمپنیوں کی تشہیر، پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں کیس دائر

جوا کمپنیوں کی موبائل ایپ اور ویب سائٹس بھی ملک میں چل رہی ہیں جو غیرقانونی عمل ہے، درخواست
شائع 30 مارچ 2023 10:02pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں جوا کمپنیوں کی تشہیر کے معاملے پر پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں کیس دائر کردیا گیا۔

پی ایس ایل میں جوا کمپنیوں کی تشہیر کے معاملہ پر حیدر شیرازی نامی شہری نے سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں پی ایس ایل اور پی سی بی انتطامیہ کیخلاف درخواست دائر کردی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ملک میں جوے پر پابندی ہے لیکن پابندی کے باوجود نہ صرف جوا کمپنیوں نے پی ایس ایل کو سپانسر کیا، بلکہ جوا کمپنیوں کی موبائل ایپ اور ویب سائٹس بھی ملک میں چل رہی ہیں جو غیرقانونی عمل ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایک کھلاڑی نے پی ایس ایل کے دوران احتجاجاً جوا کمپنی کے لوگو پر پٹی لگائی جبکہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے کھلاڑی اور فرنچائز راتوں رات ارب پتی بن گئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز کے خلاف انکوائری کی جائے اور جوا کمپنیوں کے سپانسر لینے سے فرنچائز پر پابندی عائد کی جائے۔ ساتھ ہی جوا کمپنیوں کے ویب سائٹس اور ایپ بھی بند کی جائیں۔ درخواست میں حکومت،ایف آئی اے،سٹیٹ بینک اور پی ٹی اے کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

PSL

PCB

Peshawar High Court

Betting websites