Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

صرف پروجسٹوجن پر مبنی گولی کھانے سے چھاتی کے کینسر کا خدشہ

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان گولیوں نے نقصان سے زیادہ فوائد ہیں۔
شائع 25 مارچ 2023 11:21pm
تصویر بزریعہ گیٹی امیجز
تصویر بزریعہ گیٹی امیجز

محققین کا کہنا ہے کہ صرف پروجسٹوجن پر مبنی گولی (مِنی پِل) لینے سے چھاتی کے سرطان (بریسٹ کینسر) کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے، جو کہ متعدد مانع حمل گولیاں کھانے کے برابر ہے۔

پی ایل او ایس میڈیسن جریدے میں شائع ہونے والا یہ مطالعہ اس قسم کے برتھ کنٹرول (مانع حمل ادویات) کے استعمال کی نقصانات کی چند بڑی تحقیقات میں سے ایک ہے۔

مانع حمل دوا کا استعمال بوڑھے صارفین میں چھاتی کے کینسر کا چھوٹا سا خطرہ ظاہر کرتا ہے، جو دوائی روکنے کے چند سالوں میں ختم ہو جاتا ہے۔

دوسری طرف یہ گولیاں خواتین کو کچھ دوسرے کینسر سے بچاتی ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ جو خواتین ہارمونل مانع حمل ادویات لیتی ہیں ان میں رحم اور بیضہ دانی کے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے اور یہ تحفظ دہائیوں تک رہتا ہے۔ اس لئے لوگوں کو اس کے تمام فوائد اور نقصانات کا جائزہ لینا چاہئیے۔

مِنی پِل (چھوٹی گولی) کیا ہے؟

  • اسے زیادہ تر مانع حمل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، لیکن بعض اوقات دردناک اور بھاری پیرئیڈز (ایامِ مخصوصہ/حیض) میں مدد کے لیے لیا جاتا ہے۔
  • یہ صرف ایک ہارمون پروجسٹوجن (پروجیسٹرون کے مصنوعی ورژن) پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ مشترکہ گولی میں ایسٹروجن بھی ہوتا ہے۔
  • یہ ان لوگوں کے لیے ایک اچھا متبادل ہو سکتی ہے جو ایسٹروجن استعمال نہیں کر سکتے، مثال کے طور پر دودھ پلانے والی خواتین یا خون جمنے کے بڑھتے ہوئے خطرے کے حامل افراد۔
  • وقفے کے بغیر روزانہ لیا جائے تو یہ حمل کے خلاف 99 فیصد سے زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔
  • عام طور پر فٹ اور اچھی صحت کی حامل خواتین مینوپاز (خواتین کا ایسی عمر کو پہنچنا جس میں حیض آنا بند ہو جائے) یا 55 سال کی عمر تک اسے استعمال کر سکتی ہیں۔
  • اسے فارمیسیوں میں نسخہ کے بغیر خریدا جا سکتا ہے۔
  • یہ جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشن سے حفاظت نہیں کرسکتی۔

خطرات کیا ہیں؟

چھاتی کا کینسر کم عمر خواتین میں نسبتاً نایاب ہوتا ہے، اور اسی عمر کے گروپ میں گولی کے استعمال کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔

لہٰذا، جب عورت ہارمونل مانع حمل ادویات استعمال کرتی ہے تو خطرے میں معمولی اضافہ کا مطلب ہے بیماری کے صرف چند اضافی کیسز۔

محققین نے فیملی ڈاکٹروں کے پاس موجود تقریباً 30,000 مریضوں کے ریکارڈ کو دیکھا اور پایا کہ ان گولیوں کو پانچ سال تک استعمال کرنے سے عورت کے اگلے 15 سال میں چھاتی کے کینسر کے امکانات میں 20 سے 30 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ اس وقت اس کی عمر کتنی تھی۔

سننے میں یہ زیادہ لگتا ہے، جب تک کہ آپ مطلق خطرے کو نہ دیکھیں۔

مثال کے طور پر، گولی لینے والی ایک لاکھ خواتین میں چھاتی کے کینسر کے اضافی کیسز کی تعداد۔

  • اگر وہ اپنی نوعمری کے آخر میں گولی لیتی ہیں تو تعداد آٹھ ہوگی۔
  • اگر وہ 30 کی دہائی کے آخر میں گولی لیتی ہیں تو تعداد 265 ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نتائج تسلی بخش ہیں۔

لندن کے انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ریسرچ کے ڈاکٹر مائیکل جونز کہتے ہیں کہ “یہ نتائج بتاتے ہیں ہارمونل مانع حمل ادویات کا استعمال مینوپاز سے پہلے چھاتی کے کینسر کے خطرے میں معمولی اضافے سے منسلک ہے۔

”نتائج ہارمونل مانع حمل کی مختلف اقسام کے لیے یکساں تھے، بشمول صرف پروجسٹوجن مانع حمل، جہاں فی الحال ان کے خطرات کے بارے میں کم معلومات ہے۔“

خیراتی ادارے ”بریسٹ کینسر ناؤ“ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر کوٹرینا ٹیمسینائٹ کہتی ہیں کہ ”اگر آپ بریسٹ کینسر اور مانع حمل ادویات کے بارے میں فکر مند ہیں، یا آپ کو یقین نہیں ہے کہ آپ کیا استعمال کر رہے ہیں، تو اپنے ڈاکٹر یا فیملی پلاننگ کلینک سے بات کریں۔“

کینسر ریسرچ یو کے کے مطابق، چھاتی کے کینسر کی نشوونما کے لیے دیگر، بڑے قابل گریز خطرے والے عوامل ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق چھاتی کے کینسر کے ہر 100 میں سے آٹھ کیسز کا تعلق موٹاپے سے ہے۔ سوچا جاتا ہے کہ شراب بھی اسی تناسب میں حصہ ڈالتی ہے۔

اگرچہ بڑی عمر خطرے کا بنیادی عنصر ہے۔ جینیات یا خاندانی تاریخ بھی ایک کردار ادا کر سکتی ہے۔ اور مردوں کو بھی چھاتی کا کینسر ہو سکتا ہے۔

مانع حمل مِنی گولی بنا ڈاکٹری نسخے کے فروخت کی جا سکتی ہے۔

کینسر ریسرچ یو کے کی سینئر ہیلتھ انفارمیشن مینیجر، کلیئر نائٹ کہتی ہیں کہ ”جو اپنے کینسر کے خطرے کو کم کرنا چاہتے ہیں، ان کیلئے تمباکو نوشی نہ کرنا، صحت مند متوازن غذا کھانا، کم الکحل پینا، اور صحت مند وزن رکھنا سب سے زیادہ مؤثر ہوگا۔“

”مانع حمل استعمال کرنے کے بہت سے ممکنہ فوائد ہیں، جبکہ اس کے کینسر سے متعلق دیگر خطرات بھی نہیں ہیں۔ اسی لیے ان کو لینے کا فیصلہ کرنا ایک ذاتی انتخاب ہے اور اسے اپنے ڈاکٹر سے بات کرنے کے بعد ہی لیا جانا چاہیے تاکہ آپ کوئی ایسا فیصلہ کر سکیں جو آپ کے لیے درست ہو۔“

چھاتی کے کینسر کی علامات کیا ہیں؟

  • چھاتی، اوپری سینے یا بغل میں ایک گانٹھ یا سوجن، جو شاید نظر نہ آئے۔
  • چھاتی کے سائز یا شکل میں تبدیلیاں۔
  • جلد کا کھردرا پن یا سلوٹیں ہونا۔
  • چھاتی کے رنگ میں تبدیلی، سرخ یا سوجی ہوئی نظر آسکتی ہے۔
  • ددوڑا، پپڑی یا نپل میں تبدیلی
  • دونوں نپل سے غیر معمولی مادے کا اخراج

Breast Cancer

Contraceptive

Progestogen only pill

Hormonal tablet